چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن اور بہنوئی پر مقدمہ درج 6 ارب کی زمین 13کروڑ میں خریدنے کا انکشاف

ڈاکٹر عظمیٰ خان نے ضلع لیہ میں 5261 کنال اراضی غیر قانونی طور پر صرف 13 کروڑ روپے میں خریدی


طالب فریدی June 11, 2023
(فوٹو : فائل)

چیئرمین پی ٹی آئی کی فیملی کا ایک اور میگا کرپشن اسکینڈل بے نقاب ہوگیا، سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن اور بہنوئی کے خلاف اربوں روپے کی زمین دھوکا دہی سے خریدنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے اربوں روپے کی زمین دھوکا دہی کے ذریعے صرف 13 کروڑ میں خریدی، ڈاکٹر عظمی خان کے خلاف ضلع لیہ میں 5261 کنال اراضی غیر قانونی طور پرخریدنے کا الزام ہے۔

ترجمان کے مطابق زمین دھوکا دہی، فراڈ اور جعل سازی سے 22-2021ء میں خریدی گئی، ڈاکٹر عظمیٰ خان نے شوہر احد مجید سے مل کر جعلی منتقلی کرائی، غیر قانونی طریقے سے خریدی گئی زمین ڈاکٹر عظمیٰ نے اپنے اور اپنے خاوند احد کے نام کی۔

ترجمان کے مطابق دھوکا دہی سے خریدے گئے رقبے کی مالیت 6 ارب روپے سے زائد ہے، رقبہ تب خریدا گیا جب ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے گریٹر تھل کنال منصوبے کا اعلان کیا، اس منصوبے کے تحت تھل کنال کے ذریعے بنجر زمینوں کو سیراب کرنا تھا۔

Dr uzma khan sister of imran khan 2

ترجمان نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کو تھل کنال منصوبے کا پہلے سے علم تھا، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور اس کے شوہر نے مالکان سے زبردستی زمین خرید کر اپنے نام منتقل کی جس پر زمین مالکان نے ڈاکٹر عظمیٰ و دیگر کے خلاف مقامی تھانے میں زمین زبردستی خریدنے کی شکایات درج کروائیں۔

اینٹی کرپشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ کچھ مقامی لوگوں نے جسٹس آف پیس میں بھی درخواستیں دیں، دھوکا دہی سے خریدی گئی زمین کا بعد ازاں غیر قانونی طور پر قبضہ لیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دھوکا دہی میں ملوث دیگر افسران و اہل کاروں کے کردار کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا، کرپٹ عناصر کے خلاف اینٹی کرپشن کی زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔