9 مئی کے ملزمان کو ایسی سزا ملے گی دوبارہ کوئی ایسی جرات نہیں کرے گا وزیراعظم
تمام شرائط پوری کردیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ اسی ماہ ہوجائے گا، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ملزمان کو ایسی سزا ملے گی دوبارہ کوئی ایسی جرات نہیں کرسکے گا۔
لاہور میں سبزہ زار اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بڑے چیلنجز کے باوجود بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف پہنچایا، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط خلوص کے ساتھ پوری کردی ہیں، پوری امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ اسی ماہ ہوجائے گا۔
وزیراعطم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر سارے منصوبے ٹھپ کردیے اور پاکستان میں ترقی کی رفتار کو کم کیا، صاف پانی اور لاہور میں گندگی اٹھانے کے منصوبوں پر مجھے نیب میں دھکے لگوائے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ دشمن کی دشمنی سے کم نہیں تھا، ملک میں بڑے بڑے واقعات ہوئے لیکن کبھی کسی نے فوجی تنصیبات اور قائد اعظم کے گھر پر حملہ نہیں کیا، دشمن بھی یہ کام 75 سال میں نہیں کرسکا جو پی ٹی آئی نے کیا، 9 مئی کے ملزمان کو ایسی سزا ملے گی کہ رہتی دنیا تک دوبارہ کوئی ایسی جرات نہ کرسکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دو ہفتے دن رات عوام کو بجٹ میں ریلف دینے کیلئے کام کیا، میرے اوپر بڑا بوجھ تھا کہ کس طرح غریب آدمی کی تنخواہ بڑھاؤں کیونکہ اس وقت تو 50 ہزار روپے میں بھی گزارہ نہیں ہے، تمام مشکلات کے باوجود ہم نے کم ازکم تنخواہ کو 25 ہزار سے بڑھاکر 32 ہزار روپے اور تنخواہوں و پنشن میں اضافہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپریل 2022 میں جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو گزشتہ حکومت نے آئی ایم سے معاہدہ توڑ دیا تھا اور دنیا میں مہنگائی کا عروج تھا، یوکرین اور روس کی جنگ شروع ہوئی تھی اور تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا ملک کو سامنا کرنا پڑا، یہ وہ بڑے بڑے مسائل اور چیلنجز تھے جن کا ہمیں سامنا رہا۔
شہباز شریف نے کہا جب گیس کی عالمی سطح پر کم تھیں تب گزشتہ حکومت نے یہ نہیں سوچا کہ وہ گیس کے معاہدے کرلیتے تو آج پاکستان کی معیشت کا یہ حال نہ ہوتا لیکن انکی ساری توجہ مخالفین کو جیلوں میں بھجوانے پر مرکوز تھی۔