
ایکسپریس نیوز کے مطابق موٹروے ایم 3 پر فیض پور کے قریب مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے ٹریفک حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 4 مسافر موقع پر جاں بحق جب کہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ کوٹ ادو سے لاہور جانے والی مسافر بس ڈرائیور کی لاپروائی سے حادثہ کا شکار ہوئی تاہم سیکٹر کمانڈر ایس پی چودہری عطا کی نگرانی میں موٹروے پولیس کی امدادی سرگرمی جاری ہے اور موٹروے پولیس نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی اور حادثے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثہ کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی جب کہ غفلت برتنے پر ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم بھی دیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔