سمندری طوفان کراچی کی 40 عمارتیں مخدوش قرار
مخدوش عمارتوں کو خالی کرایا جارہا ہے، شہری ان عمارتوں کے قریب گاڑیاں کھڑی نہ کریں، ڈی جی ایس بی ایس سی
سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کراچی ڈویژن کی 40 عمارتوں کو مکمل مخدوش قرار دے دیا۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کراچی ڈویژن کی 40 عمارتیں مکمل مخدوش قرار دے دی ہیں، جنہیں خالی کروایا جارہا ہے جبکہ 450 عمارتوں کو خطرناک قراردیا گیا ہے۔
یاسین شر بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر ادارے مخدوش عمارتیں خالی کروارہے ہیں جبکہ ایس بی سی اے میں رین ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔
یاسین شربلوچ نے مزید کہا کہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں ایس بی سی اے کےافسران و ملازمین کو الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ خطرناک عمارتوں کے قریب نہ جائیں اور نہ ہی وہاں اپنی گاڑیاں کھڑی کریں.