کراچی میں شدید گرمی پارہ 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا
بائپرجوئے طوفان کے سبب سمندری ہواؤں کی بندش کی وجہ سے شہرکا درجہ حرارت بڑھا
سمندری طوفان 'بائپر جوئے' کے سبب کراچی میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ کو کراس کرگیا۔
شہر قائد کے طول و عرض میں پیر کی صبح سے ہی درجہ حرارت اور دھوپ میں شدت ریکارڈ کی گئی، جس کا سلسلہ شام تک جاری رہا۔شہر میں جھلسا دینے والی دھوپ اور ہوا کے گرم تھپیڑوں کیوجہ سے دن بھر میں شہریوں نے گھروں یا دفاتر میں رہنے کو ہی ترجیح دی۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے اثرات کے سبب سمندری ہواؤں کی بندش کی وجہ سے شہرکا درجہ حرارت بڑھ گیا، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
اس دوران ہوا میں نمی کا تناسب 32 فیصد رہا جبکہ دوپہر کے بعد بلوچستان کی مشرقی سمت کی ہوائیں چلیں، جس سے درجہ حرارت میں تھوڑی کمی واقع ہوئی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ سمندری طوفان کے سبب شہر کا درجہ حرارت کل بھی زیادہ رہے گا۔