پی ڈی ایم 9 مئی واقعات پر مشتمل بیانیے کی بنیاد پر الیکشن میں جائے گی شیخ رشید
13 اگست سے قبل اسمبلیاں تحلیل اور شفاف انتخابات کرانا ہوں گے، سابق وزیر داخلہ
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم 9 مئی واقعات پر مشتمل بیانیے کی بنیاد پر الیکشن میں جائے گی۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ اقتدار سے اترتے ہی شہباز شریف اور آصف علی زرداری بیمار ہو جاتے ہیں، تحریک انصاف توڑ پھوڑ سے آصف زرداری کے پاس کوئی بڑی مچھلی نہیں پھنسی۔
انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کو ڈرانے سے ترسیل زر مزید کم ہوں گی، ابھی حقیقی 'کنگ پارٹی' کا فیصلہ نہیں ہوا، جسے پاکستان لانا ہے وہ ایون فیلڈ میں بند ہے، ایک بندے کو دیوار کے ساتھ لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا۔
شیخ رشید نے کہا کہ 13 اگست سے قبل اسمبلیاں تحلیل اور شفاف انتخابات کرانا ہوں گے، ملک کو بحران سے صرف شفاف انتخابات ہی نکال سکتے ہیں، اللہ تعالیٰ اور عدلیہ ہی ملک کو بحران کی دلدل سے نکالیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بریانی والی 'جلسیاں' بے نتیجہ ثابت ہوں گی، وزرا کہتے ہیں امریکا مخالف بیانیہ کی وجہ سے آئی ایم ایف کے معاہدہ نہیں ہورہا، وزیر اعظم کہتے ہیں اسی مہینہ جون میں ہوجائے گا، وزیر خزانہ کہتے ہیں آئی ایم ایف سیاست کر رہا ہے، یہ حکومت چلا رہے ہیں یا آڑھت منڈیاں۔