پنجاب حکومت کا لاہور میں 1800 مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ

سی سی ٹی وی کیمروں کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک کیا جائےگا۔


ویب ڈیسک April 29, 2014
امن وامان کی بہتری اور جرائم پر قابو پانے کے لئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب فوٹو : فائل

پنجاب حکومت نے امن و امان کے قیام کے لئے صوبائی دارالحکومت میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں ایک ہزار 800 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت صوبے میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں امن و امان کے قیام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، امن وامان کی صورت حال مزید بہتر بنانے کے لئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے اورجرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ، اس کے علاوہ صوبائی کابینہ کمیٹی بھی صوبے میں امن و امان کی صورت حال کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔

شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے پہلے مرحلے میں ایک ہزار 800 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے، اس کے علاوہ جرائم کی مؤثر روک تھام کے لئے جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جارہا ہے، جسے شہر بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں نصب جدید سی سی ٹی وی کیمروں سے منسلک کیا جائےگا، اس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو سیٹلائٹ کے ذریعے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز سے بھی منسلک کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔