کراچی میئر کیلیے پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمینوں کا حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کا اعلان

9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے بکھرنے سے بلدیاتی نمائندوں میں بھی بددلی پھیل گئی ہے، ذرائع


Staff Reporter June 12, 2023
(فوٹو فائل)

پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے، پی ٹی آئی کے یوسی چئیرمینوں نے قیادت کا فیصلہ نہ مانتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کردیا، اس فیصلے سے پارٹی قیادت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق روزنامہ ایکسپریس کی 8 جون کی اشاعت میں شائع شدہ خبر درست ثابت ہوگئی جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی قیادت سے منحرف یوسی چیئرمینوں نے قیادت کا فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے میئرکراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار کو ووٹ دینے سے انکار کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے منتخب یو سی چیئرمین اسد امان اور دیگر کا دعوی ہے کہ تقریباً 40 پی ٹی آئی کے چیئرمین میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں نہیں جائیں گے اور حافظ نعیم کو ووٹ نہیں دیں گے کیونکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ پی ٹی آئی کی مخالفت کی ہے۔

یوسی چیئرمین اسد امان نے کہا کہ ہم چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، پیپلز پارٹی کے خلاف تھے اور ہیں مگر جماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فیصلے میں خود مختار ہیں اور ہمیں کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 40 پی ٹی آئی کے چیئرمین میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں نہیں جائیں گے، کیونکہ منتخب ہونے کے بعد ہمیں کراچی کی قیادت نے پوچھا تک نہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم باہر کے بندے کو ووٹ دیں۔

دریں اثنا تحریک انصاف کے 24 یوسی چیئرمینوں کی ممکنہ بغاوت اور جماعت اسلامی کے میئرکے امیدوارکوووٹ نہ دینے کے فیصلے سے پارٹی قیادت کوآگاہ کردیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں 9 مئی کے واقعات کے بعد پارٹی کے بکھرنے اوربعض یوسی چیئرمینوں کومقدمات میں ملوث کردیے جانے کے بعد پارٹی بے یقینی کا شکارہوگئی ہے اور پارٹی کے سینئررہنماؤں کی جانب سے تحریک انصاف سے علیحدگی کے اعلان کے بعد پارٹی کا اندرونی انتشارمزید گہرا ہوا ہے اوربلدیاتی نمائندوں میں بھی بددلی پھیل گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے جومنتخب نمائندے موجودہ پارٹی سیٹ اپ سے رابطے میں نہیں آرہے ان میں یوسی 6 صدرٹاؤن کے چیئرمین وسیم عبدالوحید،یوسی 4 کے طاہرپرویز،یوسی ون کے عمران پروانی،یوسی 3 کےگلفام حیدر،یوسی 2 کے اسلم نیازی،یوسی 8 کے سلمان خان،یوسی 9 کےعلی ریاض شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مومن آباد ٹاؤن یوسی 7 محمد ادریس،یوسی 5 سے امجدعلی،یوسی ون سے محمد مصطفی،یوسی 4 سے اسد اللہ امان، یوسی 6 صلاح الدین اوریوسی 15 منگھوپیرسے عزیزاللہ،یوسی 4 عاطف حیات،یوسی 14 منیب الرحمن،یوسی 7 شاہ فیصل ٹاؤن سے عبدالرحمن خان بھی پارٹی سے رابطے میں نہیں ہیں۔

علاوہ ازیں شاہ فیصل ٹاؤن یوسی 5 سلیمان خان اوریوسی 2 سہراب گوٹھ سے حیات اللہ خان،یوسی ون سے دولت خان،یوسی میربحرون سے عبدالمعید، یوسی میربحر2 سے زبیرموسی، لیاری ٹاؤن یوسی ون سے عبدالغنی اورنگی ٹاؤن یوسی 5 سے اختر،ملیرٹاؤن یوسی 3 کے عاصم حیدر بھی پارٹی سیٹ اپ سے دور ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل پیپلزپارٹی کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے بعض منتخب بلدیاتی نمائندوں نے ان سے رابطہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کے 24 یوسی چیئرمین اوروائس چیئرمینز کا کہنا ہے کہ وہ میئرکے انتخاب میں غیرجانبداررہتے ہوئے پولنگ کا بائیکاٹ کریں گے اورکسی بھی امیدوارکوووٹ نہیں دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے 24 یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اور3منتخب چیئرمین فردوس شمیم نقوی ، عمر دراز اور وحید جوجیل میں قید ہیں ممکنہ طورپراپنے فیصلے پرقائم رہے تو اس کا فائدہ پیپلزپارٹی کے امیدوارکو ہوگا اورجماعت اسلامی کے ووٹ کم ہوجائیں گے۔

میئر منتخب ہونے کے لیے 184 ووٹ درکار ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی کے155 ، جماعت اسلامی 130 ، پی ٹی آئی 62 ووٹ،مسلم لیگ ن اور دیگر کے 18 ووٹ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔