عراقی دارالحکومت بغداد میں دو بم دھماکوں میں 10 افراد ہلاک 20 زخمی

متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، ڈاکٹرز

گزشتہ روز بھی عراق کے مختلف شہروں میں 9 خود کش دھماکوں میں 57 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI:
عراقی دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں میں 10 افراد ہلاک اور 20زخمی ہو گئے ہیں۔


غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال مشرقی علاقے سعدیہ میں یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں میں 10 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے، امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ عراق سے 2010 میں امریکی فوج کے انخلا کے بعد 30 اپریل کو ملک میں پہلے عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں جب کہ پے درپے دھماکے اورفائرنگ کے واقعات نے سیکیورٹی کی صورت حال پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیئے ہیں، گزشتہ روز بھی عراق کے مختلف شہروں میں 9 خود کش دھماکوں میں 57 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
Load Next Story