اگست میں آئینی مدت ختم ہونے کے بعد نگران حکومت آجائے گی مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن نوازشریف کی قیادت میں الیکشن لڑے گی، اتحاد کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک June 13, 2023
فائل فوٹو

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگست میں آئینی مدت ختم ہونے کے بعد نگران حکومت آجائے گی، مسلم لیگ ن نوازشریف کی قیادت میں الیکشن کی تیاری کررہی ہے۔

لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز نے انتخابی جلسے شروع کردیے ہیں، الیکشن کمیشن تاریخ دے گا تو انتخابات کرادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں انتخابی اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پر کیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہوگئے ہیں، جو گیدڑ لیڈر بننے کی کوشش کرے اُسے عوام مائنس کردیتے ہیں، ادھار کی پارٹی بالکل ایسے ہی بکھرتی ہے جیسے پی ٹی آئی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پلان گذشتہ دور میں روک دئیے گئے تھے جو اب دوبارہ شروع کیے ہیں، قوم نفرت، فساد سے تھک چکی ہے، اب ہمیں قوم کو جوڑنے اور اتحاد کی ضرورت ہے اور مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اتحاد اور ترقی کر کے دکھائی، 2013 سے 2018 والے دور کی دوبارہ بنیاد رکھ دی گئی ہے، آر ٹی ایس بٹھا کر اقتدار میں آنے والے ایسے ہی ریت کی دیوار ثابت ہوتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ الیکشن میں اتحاد کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم وقت آنے پر اس حوالے سے قیادت مشاورت کر کے کوئی فیصلہ کرے گی، عوام کے اندر جڑیں مضبوط ہوں تو کسی کو سیاست سے مائنس نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی مسلم لیگ ن کی بی ٹیم نہیں ہے البتہ سیاسی اتحاد کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، مسلم لیگ ن عوام سے مینڈیٹ لیکر اقتدار میں آئےگی۔ انہوں نے کہا کہ میری تو خواہش ہے کہ نواز شریف ابھی پاکستان واپس آ جائیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران ریاض سمیت کسی کا بھی لاپتہ ہونا قابل قبول نہیں ہے، ہم تمام متعلقہ حکام سے مکمل رابطے میں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں