چیئرمین نادرا طارق ملِک مستعفی مُلک سے باہر جانے پر پابندی

وزیراعظم نے طارق ملک کا استعفی قبول کرلیا، پاکستان میں ہی رہوں گا، کہیں نہیں جارہا، طارق ملک


ویب ڈیسک June 13, 2023
وزیراعظم نے طارق ملک کا استعفی قبول کرلیا، ان پر نادرا کے آئرس سسٹم میں بدعنوانی کے الزامات ہیں (فوٹو : فائل)

چیئرمین نادرا طارق ملک نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استعفی منظور کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا جسے وزیراعظم نے منظور کرلیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران شہباز شریف نے چیئرمین نادرا کے طور پر طارق ملک کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ملاقات کے بعد میڈیا کو جاری کردہ بیان میں طارق ملک نے کہا کہ اپنے دو سالہ دور میں انہوں نے 45 سے زائد جدت آمیز خدمات اور سہولیات متعارف کرائیں جن کا مقصد بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانا۔

انہوں نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ نے حال ہی میں انہیں پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب پر تیار کی جانے والی ''نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2023'' کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جو نہ صرف ان کے لئے اعزاز ہے بلکہ انہیں اپنے اس مشن کو آگے بڑھانے کا ایک شاندار موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق ملک پر نادرا میں کرپشن کیے جانے کا الزام ہے، طارق ملک کے خلاف آئرس سسٹم کی خریداری میں بدعنوانی کی نیب میں انکوائری جاری ہے جس کے سبب وہ مستعفی ہوئے۔

اطلاعات ہیں کہ ایف آئی اے نے طارق ملک کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی ہے، جب تک وہ تحقیقات سے بری نہیں ہوجاتے انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سابق چیئرمین نادرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عدم برداشت کے حوالے سے بات موجودہ حکومت کے حوالے سے نہیں کی، مجھ پرکوئی دباؤ نہیں،اس طرح کا کوئی بھی تاثر غلط ہے، استعفے میں لکھا ہے اقوام متحدہ کے جو پراجیکٹ ملے وہ پاکستان میں رہ کر کور کرنا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ٹرسٹ بھی چلانا ہے،میں حکومت پاکستان اور وزیراعظم سے مطمئن ہوں، وزیراعظم نے میرے استعفے کو پڑھا ہے اور سراہا ہے، میں پاکستان میں ہی ہوں، باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، میں نے اقوام متحدہ کے پراجیکٹ بھی پاکستان میں رہ کر مکمل کرنا ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں