ٹیسٹ کرکٹ لیگز کے اثرات سے بچنے کی کوشش شروع

فرنچائز ٹیموں میں غیر ملکی کرکٹرز کی تعداد 4تک محدود کرنے پر غور ہونے لگا

آئی سی سی پلیئرز کی فیس کا 10فیصد متعلقہ بورڈ کو دینے کا پابند کرے گی۔ فوٹو:فائل

آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ کو لیگز کے اثرات سے بچانے کیلیے کوشاں ہے جب کہ فرنچائز ٹیموں میں غیر ملکی کرکٹرز کی تعداد 4تک محدود کردی جائے گی۔


ٹی20 لیگز کی بہتات میں عالمی خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ کو لاحق خطرات کے بارے میں بات ایک عرصہ سے ہورہی ہے،امریکا میں میجر لیگ کیلیے جیسن روئے کی جانب سے انگلینڈ کا کنٹریکٹ چھوڑنے سے صورتحال کھل کر سامنے آگئی،اب بورڈز بھی انٹرنیشنل کرکٹ کی بقا کیلیے زیادہ فکرمند نظر آرہے ہیں۔


ایک برطانوی اخبارکے مطابق آئندہ ماہ آئی سی سی 2تبدیلیاں متعارف کرنے کی تیاری کررہی ہے،فرنچائز ٹیموں کی الیون میں غیر ملکی کرکٹرز کی تعداد کم ہو گی۔



یہ بھی پڑھیں: ٹی20 لیگز نے انٹرنیشنل کرکٹ کو دیوار سے لگادیا


یاد رہے کہ اماراتی لیگ کی ہر ٹیم کو 9 فارن پلیئرز شامل کرنے کی اجازت ہے،آئندہ ماہ شروع ہونے والی امریکی میجر کرکٹ لیگ کے ہر اسکواڈ میں 9جبکہ پلیئنگ الیون میں 6کو موقع دیا جاسکتا ہے،مجوزہ سعودی لیگ میں تو کسی کی شہریت کا خیال رکھے بغیر بہترین ٹیلنٹ کو لانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔


رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کی پالیسی کو سامنے رکھتے ہوئے صرف 4غیر ملکی کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کی اجازت دینے کا امکان ہے تاکہ ڈومیسٹک ٹیلنٹ کو زیادہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے، ساتھ ٹی20 لیگز کو پابند کیا جائے گا کہ ہر کھلاڑی سے معاہدے کرتے ہوئے متعلقہ بورڈ کو بھی معاوضے کا 10فیصد ادا کرے،یہ طریقہ کار بھی پہلے ہی آئی پی ایل میں مروج ہے،اس سے بورڈز کی مالی معاونت بھی ہوسکے گی۔


مزید پڑھیں: ٹی 20 لیگز کی بہتات پر خدشات ظاہر ہونے لگے


انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو رچرڈ گولڈ کے مطابق کرکٹرز کی تیاری اور برانڈ بنانے میں بورڈز کی خاصی سرمایہ کاری ہوتی ہے، فرنچائزز دودھ سے بالائی اتارلیتی ہیں بدلے میں ان کو کچھ بھی نہیں دینا پڑتا،ان کا کرکٹ کے فروغ کیلیے اٹھائے جانے والے اقدامات میں کوئی کردار نہیں ہوتا۔

Load Next Story