اب کوئی قیامت تک نو مئی جیسا گھناؤنا کام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکے گا وزیراعظم

پی ٹی آئی چئیرمین نے حقیقی آزادی کے نام پر لوگوں کو فوجی تنصیبات پر حملوں کیلیے اکسایا، شہباز شریف


ویب ڈیسک June 14, 2023
پی ٹی آئی نے تشدد کو پالیسی کے طور پراپنایا، وزیراعظم:فوٹو:فائل

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی نے اپنے حامیوں کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے لیے اکسایا، اب قیامت تک کوئی نو مئی جیسا گھناؤنا کام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکے گا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ چئیرمین تحریک انصاف کتنی آسانی سے یہ بھول گئے کہ وہ ایک سال تک اپنے حامیوں کو تشدد پر اکساتے رہے۔ انہوں نے فوجی اور انٹیلجنس قیادت کو غلط ناموں سے پکارا اور حقیقی آزادی کے نام پر لوگوں کا جذباتی استحصال کیا۔



وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چئیرمین پی ٹی آئی نے مذہبی علامات کا غلط استعمال کیا حتی کہ اپنے حامیوں سے جہاد کا حلف بھی لیا۔ ان کے حامی شرپسندوں نے فوجی تنصیبات پرحملہ کیا 9 مئی کے حوالے سے ان کی تقریریں اور ٹوئٹس موجود ہیں۔ پی ٹی آئی نے تشدد کو اپنی پالیسی کے طور پر اپنایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جرمن نازی پارٹی کے لیے پروپینگنڈا کرنے والے گوئبلز کے خطاب کا جدید دور میں اگر کوئی حقدار ہے تو وہ چئیرمین پی ٹی آئی ہیں۔ انہیں جھوٹ بولنے میں مہارت حاصل ہے۔

'اب کوئی قیامت تک نو مئی جیسا گھناؤنا کام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکے گا'

دوسری جانب کرنل شیر خان شہید ایونیو کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ '9 مئی کو جو واقعہ ہوا اُس نے پورے ملک کو رنجیدہ کیا اور قوم کا سر شرمسار ہوا، قوم کو تقسیم کر کے زہر گھولا گیا کہ میری حکومت امریکا سے ہٹوائی گئی، سازشی شخص نے پاکستان اور ملکی وقار کو عالمی دنیا میں بدنام کیا مگر اب اُس کی ساری سازشیں دم توڑ چکی ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ حقائق خود سر چڑھ کر بولتے ہیں کہ کس طرح چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کو بدنام کیا، سابق حکومت نے روس سے ایک دمڑی کی چیز بھی نہیں منگوائی مگر ہم نے تیل منگوا کر عوام کو ریلیف دینے کا کام کردکھایا، یہ تیل عالمی مارکیٹ کے ریٹ سے 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 'اب کوئی قیامت تک نو مئی کا گھناؤنا کام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکے گا، شہدا اور غازیوں کو بھول جانے والی قومیں کبھی اپنا نام زندہ نہیں رکھ سکتیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں