متنازع فلم انسانیت کے خلاف سازش ہے کامران مائیکل

فسادکے پیچھے امریکا ہے،مفتی عبدالقوی،عابدمبارک،احسن بخاری کاتکرار میں اظہارخیال

فسادکے پیچھے امریکا ہے،مفتی عبدالقوی،عابدمبارک،احسن بخاری کاتکرار میں اظہارخیال، فوٹو : فائل

مسلم لیگ ن کے سینیٹر اوراقلیتی رہنما کامران مائیکل نے کہا ہے کہ متنازع فلم کسی مذہب کے خلاف نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف سازش ہے۔

جس معلون نے بھی یہ ناپاک جسارت کی ہے اس کی مذمت کے ساتھ مرمت بھی کی جاناچاہیے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار کے میزبان عمران خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کامران مائیکل نے متنازع فلم کے بارے میں کہاکہ عالمی سطح پر اس سازش میں وہ لوگ ملوث ہیں جو عالمی امن برباد کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کو عوام کی آواز کے ساتھ آواز ملانا چاہیے۔ علماء کونسل کے طاہر اشرفی نے کہا کہ دل آزار فلم عالم عرب میں آنے والے انقلاب کو سبوتاژ کرنے کیلیے بنائی گئی ہے، اس کے خلاف ہمیں اس وقت تک احتجاج کرنا چاہیے، جب تک اقوام متحدہ اس چیز کو روکنے کے لئے قانون نہیں بنا لیتا۔


عالم دین مفتی عبدالقوی نے کہا کہ جیسے ہر شر کے پیچھے شیطان ہے اسی طرح ہر فساد کے پیچھے امریکا ہے۔یہ جو کھیل کھیلا جارہا ہے یہ ایک بہت بڑی سازش ہے۔ صلیبی جنگ کا آغاز سابق امریکی صدر بش نے کیا،مفتی عابدمبارک نے کہاکہ یہ بدترین قسم کی انتہاپسندی ہے۔ یہ اپنے کسی فعل کوچاہے وہ کسی نبی کی شان میں گستاخی ہو، اسلام ، اسلامی تعلیمات کا مذاق اڑانا ہو کو کبھی انتہا پسندی نہیں کہیں گے اس کو آزادی اظہار کا نام دیتے ہیں۔

احسن بخاری نے کہاکہ یورپ کے 21 ممالک میں ہولوکوسٹ پر قانونی پابندی ہے۔ مسلمانوں کے خلاف کھل کر بولا جاتا ہے اور وہاں آزادی رائے آجاتی ہے۔ انھون نے دوہرا معیار اپنا رکھا ہے۔ یہ شرم کا مقام ہے کہ بھارت میں تو اس فلم پر پابندی لگا دی ہے اور پاکستان میں یہ فلم اب بھی یو ٹیوب پر دیکھی جا سکتی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ یو ٹیوب اور گوگل پر پاکستان میں پابندی لگائی جائے۔
Load Next Story