ماسکو پر لگائی گئی پابندیاں اٹھائی نہ گئیں تو امریکی خلا بازوں کو نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے روس کی دھمکی
روس نے دھمکی دی ہے کہ اگر یوکرین کے معاملے پر ماسکو پر لگائی گئی پابندی نہ اٹھائی گئی تو عالمی خلائی اسٹیشن میں امریکی خلا بازوں کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے مسئلے پر امریکا کی جانب سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی 7 قریبی شخصیات اور17 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کئے جانے اور یورپی یونین کی جانب سے روس کے نائب وزیراعظم دمتری نکولا یوچ کوزک سمیت روس اور یوکرین کی 15 سیاسی و فوجی شخصیات کے اثاثے منجمد کرنے کے بعد مشرقی یوکرین میں روس نواز باغیوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے اورتازہ کارروائی میں مسلح جنگجوؤں نے ایک درجن سے زائد قصبوں کا کنٹرول مکمل طور پر حاصل کرلیا ہےجب کہ باغیوں نے سرکاری دفاتر پر قبضہ کرتے ہوئے عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو شہر سے بھی باہر نکال دیا ہے۔