عارضہ قلب کا شکار ہونے والے کرکٹر عابد علی نے پی سی بی کیمپ جوائن کرلیا
رپورٹس کلیئر آنے پر میڈیکل پینل نے عابد علی کو مکمل صحت یاب قرار دے کر ٹریننگ کیمپ کا حصہ بننے کی اجازت دے دی
عارضہ قلب کی وجہ سے کرکٹ سے عارضی دوری اختیار کرنے والے بلے باز عابد علی نے ڈیڑھ سال کے طویل وقفے کے بعد پی سی بی کیمپ جوائن کرلیا۔
دل میں تکلیف کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہونے والے اوپنر عابد علی کی ڈیڑھ سال بعد ایک بار پھر سے پی سی بی کیمپ میں باقاعدہ انٹری ہوگئی جہاں ڈاکٹرز کی اجازت سے اوپنر نے بیٹنگ کے جوہر دکھائے۔
۔ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن نے اسپنرز اور بیٹرز کے خصوصی کیمپ میں عابد علی کو بھی بلانے کی ہدایت تھی، کیمپ کے پہلے دو روز پی سی بی میڈیکل پینل کی طرف سے اوپنر کے دل سمیت تمام میڈیکل ٹیسٹ کرائے گئے جن کی رپورٹس منگل کو موصول ہوئیں۔
رپورٹس کلیئر آنے پر میڈیکل پینل نے عابد علی کو مکمل صحت یاب قرار دے کر ٹریننگ کیمپ کا حصہ بننے کی اجازت دی۔
واضح رہے کہ 16 ٹیسٹ اور چھ ون ڈے میچز میں ملک کی نمائندگی کرنے والے عابد علی نے چار دسمبر دوہزار اکیس کو میرپور میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری ٹیسٹ میں حصہ لیاتھا، اکیس دسمبر کو کراچی میں ڈومیسٹک میچ کے دوران انہیں دل میں تکلیف محسوس ہوئی جس پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شریانیں بند ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔
پی سی بی نے ان کا علاج کرایا، صحت یابی کے چھ ماہ بعد انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلا، اب پہلی بار عابد علی قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کا حصہ بنے ہیں۔
قومی ٹیم کے ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن کے مطابق عابد علی ٹیسٹ کرکٹ میں انچاس کی اوریج رکھنے والے زبردست بیٹر ہیں، دل کے مسئلے کے بعد ان کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لیں گے، اگر وہ خود کو ایک بارپھر منوانے میں کامیاب ہوجاتےہیں تو بہت خوشی ہوگی۔
دریں اثنا ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن کی نگرانی میں قومی کرکٹرز نے سہہ پہر کے سیشن میں ایل سی سی اے گراؤنڈ میں لگاتار دوسرے روز بھی میچ سنیاریو میں اپنی خامیوں کو دورکرنے کی کوشش کی، کوچز نے کھلاڑیوں کو انفرادی طور بھی اسپن بولنگ کھیلنے کی پریکٹس کرائی۔
اسپنرز کا جمعرات کوکیمپ میں آخری دن ہے، اس کے بعد جمعے سے فاسٹ بولرز اس خصوصی کیمپ کا حصہ بن جائیں گے۔