ٹیسٹ چیمپیئن شپ شائقین پھر پاک بھارت مقابلے کے لیے ترسیں گے

حسب توقع اس بار بھی کوئی باہمی سیریز شامل نہیں، صرف فائنل میں رسائی پر ہی روایتی حریفوں کا مقابلہ ہوسکے گا

فوٹو : کرکٹ پاکستان

 

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شائقین ایک بار پھر پاک بھارت مقابلے کے لیے ترسیں گے، حسب توقع اس بار بھی کوئی باہمی سیریز شامل نہیں ہے، صرف فائنل میں رسائی پر ہی روایتی حریفوں کا مقابلہ ہوسکے گا۔

2سال میں گرین کیپس 14مقابلوں میں شریک ہوں گے، ہوم گراؤنڈز پر انگلینڈ سے 3جبکہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کیخلاف 2، 2 میچز طے ہیں، اوے سیریز میں آسٹریلیا میں 3، جنوبی افریقہ اور سری لنکا میں 2،2 مقابلے شیڈول ہیں، انگلش ٹیم سب سے زیادہ 21 ٹیسٹ کھیلے گی، بھارت اور آسٹریلیا کے 19، 19 میچز شیڈول ہیں، آغاز جمعے کو ایشز سیریز کے پہلے میچ سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2023-25 کے تیسرے سائیکل میں ہر ٹیم 2 تا 5 میچز پر مشتمل 3 ہوم اور اتنی ہی اوے سیریز کھیلے گی، آغاز جمعے کو ایجبسٹن برمنگھم میں ایشز سیریز کے پہلے مقابلے کے ساتھ ہوگا، حال ہی میں فائنل میں بھارت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمانے والی آسٹریلوی ٹیم روایتی حریف انگلینڈ کے مقابل ہوگی۔

مجموعی طور پر اس سیریز میں 5میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان اس دورانیے میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے 14 میچز میں حصہ لے گا، پاک بھارت سیاسی تناؤ کے سبب گزشتہ 2بار کی طرح اس بار بھی کوئی باہمی سیریز شیڈول نہیں کی گئی، گرین کیپس ہوم گراؤنڈز انگلینڈ سے 3جبکہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش سے 2، 2 میچز کھیلیں گے۔


اوے سیریز میں پاکستان کو سخت جان حریفوں کا سامنا ہوگا، آسٹریلیا میں 3، جنوبی افریقہ اور سری لنکا میں 2،2 مقابلے شیڈول کیے گئے ہیں،اگلے سائیکل میں انگلینڈ سب سے زیادہ 21 ٹیسٹ کھیلے گا، بھارت اور آسٹریلیا کے 19، 19 میچز شیڈول ہیں،دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو 13، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کو 12،12مقابلوں میں شرکت کا موقع ملے گا۔

پاکستان کو 2اور ویسٹ انڈیز کو ایک 3میچز کی سیریز میسر آئے گی، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی تمام سیریز 2،2مقابلوں پر مشتمل ہیں، کینگروز کو ہوم گراؤنڈز پر10مقابلوں میں بھارت کی 5، پاکستان 3اور ویسٹ انڈیز کی 2میچز میں میزبانی کا موقع ملے گا،ملک سے باہر انگلینڈ سے 5، نیوزی لینڈ اور سری لنکا سے 2،2ٹیسٹ کی سیریز سمیت 9میچز ہوں گے،انگلینڈ کے گراؤنڈز پر آسٹریلیا سے 5،ویسٹ انڈیز کیخلاف 3اور سری لنکاسے 2میچز ہوں گے۔

اوے سیریز میں بھارت سے 5، پاکستان اور نیوزی لینڈ سے 3،3میچز شیڈول ہیں۔بھارت کو ہوم گراؤنڈز پر نیوزی لینڈ سے 3، انگلینڈ5،بنگلہ دیش سے 2مقابلوں میں شرکت کرنا ہے،اوے سیریز میں آسٹریلیا سے 5، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سے 2،2میچز میں سامنا ہوگا،نیوزی لینڈ ہوم گراؤنڈز پر آسٹریلیا سے 2، انگلینڈ 3اور جنوبی افریقہ سے 2میچز میں مقابلہ کرے گا،اوے سیریز میں بھارت سے 3، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے 2،2مقابلے شیڈول ہیں۔

فائنل 2025میں لارڈز میں 2نمایاں ٹیموں کے مابین ہوگا۔دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور انگلش ہم منصب بین اسٹوکس نے اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرنے کا عزم ظاہر کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ایشز کا روایتی رنگ ہونے کے ساتھ چیمپئن شپ پوائنٹس کیلیے جستجو مقابلوں کو مزید کانٹے دار بنائے گی۔

آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان کا کہنا ہے کہ چیمپئن شپ سے ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی میں اضافہ ہوا،پرستار مسلسل 2سال تک اس فارمیٹ سے جڑے رہتے ہیں، سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز روایتی حریفوں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ایشز سیریز ہونا زبردست رہے گا۔
Load Next Story