پنجگور میں سی پیک روٹ پر ریموٹ کنٹرول دھماکا
دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، لیویز ذرائع
بلوچستان کے علاقے پنجگور سے گزرنے والے سی پیک روٹ پر ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا ہے جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجگور سی پیک روڑ شاہو کہن میں کجھور فیکٹری کے ایریا میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکا اُس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں علاقے سے گزر رہی تھیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جہاں سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں جبکہ دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لینے کے ساتھ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے، آخری اطلاع آنے تک کسی بھی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔