زیریں سندھ حیسکو نے نادہندگی پر مزید سیکڑوں دیہات کو بجلی سے محروم کر دیا

شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات، ایک کروڑ 78 لاکھ کی عدم ادائیگی پر نارا جیل کے کنکشنز بھی منقطع

شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات، ایک کروڑ 78 لاکھ کی عدم ادائیگی پر نارا جیل کے کنکشنز بھی منقطع۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
حیسکو نے عدم ادائیگی پر مزید سیکڑوں دیہات کو بجلی سے محروم کر دیا جبکہ ایک کروڑ 78 لاکھ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر نارا جیل اورمتصل سندھ پریژن اسٹاف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کی بجلی بھی کاٹ دی جو سپرنٹنڈنٹ جیل کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی پر رات گئے بحال کر دی گئی۔

حیسکو نے واجبات کی عدم ادائیگی پر مزید درجنوں سرکاری کنکشن منقطع کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق حیسکو نے ایک کروڑ78 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات کی عدم ادائیگی پر نارا جیل انتظامیہ اور پریژن اسٹاف انسٹیٹیوٹ انتظامیہ کو واجبات کی ادائیگی کے نوٹس جاری کیے تھے، تاہم عدم ادائیگی پر حیسکو نے منگل کی صبح نارا جیل، اسٹاف کالونی کے 70 سے زائد کوارٹرز، افسران کے بنگلوں، سندھ پریژن اسٹاف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ، ہاسٹل کی بجلی کاٹ دی۔


جس کے باعث قیدیوں اور جیل عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔جیل سپرنٹنڈنٹ یونس مسیح نے ایکسپریس کو بتایا کہ انہوں نے بجلی کاٹے جانے کی اطلاع سندھ حکومت کو دی، سندھ حکومت نے حیسکو کو جلد واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد رات گئے نارا جیل، ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور رہائشی کالونی کی بجلی بحال کر دی گئی۔ دوسری جانب حیسکو نے کروڑوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر سندھ پولیس کے2 کنکشن، سب ڈویژن میراں محمد شاہ میں اسٹریٹ لائٹس، کلہوڑو گوٹھ، سائٹ ایریا پولیس اسٹیشن، فروٹ مارکیٹ، سمیت تعلیم، ریونیو، ہائی ویز، ریسٹ ہاوسز، آبپاشی، ماحولیات، ٹیلی کمیونیکیشن سمیت مختلف سرکاری و نجی اداروں کی بجلی کاٹ دی ۔

حیسکو نے سجاول کے 50 سے زائد گوٹھوں کی ایک کروڑ 25 لاکھ واجبات کی عدم ادائیگی پر بجلی منقطع کرکے تار قبضے میں لے لیا جن گوٹھوں کی بجلی منقطع کی گئی ہے ان میں تحصیل جاتی کے گوٹھ فتح محمد سومرو، علی احمد بھٹی، کامل ہنگورو، اللہ بخش ٹیمڑو، محمد خان پلیپوٹو و دیگر شامل ہیں۔ علاقہ مکینوں نے حیسکو کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اذیتوں میں مبتلا کررہی ہے۔

ادھر تھانہ بولا خان کے مختلف علاقوں تونگ، ریک، کو بارن کے 30 سے زائد گاؤں کی حیسکو حکام نے بقایاجات جمع نہ کرانے پر بجلی کاٹ دی۔ حیسکو کے مطابق مذکورہ گاؤں کے مکینوں نے ایک سال سے بل ادا نہیں کیا ۔ ٹنڈوباگو سے نامہ نگار کے مطابق حیسکو سب ڈویژن تلہار کی ٹیم نے 150 سے زائد دیہات کی بجلی منقطع کردی جبکہ ٹنڈوباگو ،پنگریو میں بھی نادہند صارفین کے سیکڑوں کنکشن کاٹے گئے ہیں۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے عوام نڈھال ہوگئے۔
Load Next Story