لانڈھی کورنگی غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی متعدد کنکشن منقطع

واٹر بورڈ کے عملے کو دیکھ کر پانی کی چوری میں ملوث افراد فرار ہوگئے، کارروائی سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

واٹر بورڈ کے عملے کو دیکھ کر پانی کی چوری میں ملوث افراد فرار ہوگئے، کارروائی سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹر بورڈ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر واٹر بورڈکے عملے نے لانڈھی اور کورنگی ٹائون میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کی اور متعدد کنکشن منقطع کردیے، عملے کو دیکھ کر پانی چوری میں ملوث افراد فرار ہوگئے۔


تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات اور چیئرمین واٹر بورڈ شرجیل انعام میمن نے گزشتہ روز منعقدہ ایک اجلاس کے دوران واٹربورڈ کے ایم ڈی قطب الدین شیخ اور ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز نجم عالم صدیقی کو کورنگی میں قائم غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی جس پر سپرنٹنڈنگ انجینئر کورنگی سعید شیخ ، ایگزیکٹیو انجینئر (کے ڈی سول ٹو )ابرار حسین، ایگزیکٹیو انجینئر لانڈھی احسن اورایگزیکٹیو انجینئر کورنگی صابر علی نے عملے کے دیگر افراد کے ہمراہ کورنگی میں قائم غیر قانونی ہائیڈرنٹس پر چھاپے مارے اور وہاں سے سرکاری لائنوں سے پانی چوری کرنے کیلیے غیر قانونی طور پر حاصل کردہ متعدد کنکشن منقطع کردیے، کورنگی نمبر ساڑھے 5میں قائم حنیف آئس فیکٹری ہائیڈرنٹ میں 48 انچ قطر کی لائن سے لیا گیا 2 انچ کا کنکشن منقطع کردیا گیا۔

اسی علاقہ میں واقع صابر ہائیڈرنٹ کیلیے48انچ قطر کی لائن سے غیر قانونی حاصل کردہ 3 انچ قطر کا کنکشن منقطع کیا گیا، مزید براں 8انچ قطر کی لائن سے لیا گیا ایک اور کنکشن منقطع کیا گیا ،اس کے علاوہ ناصر کالونی ہائیڈرنٹس ناصر کالونی نمبر1 میں 33 انچ قطر کی لائن سے لیا گیا 3 انچ قطر کا ایک کنکشن منقطع کیا گیا، علاوہ ازیں کورنگی سیکٹر 19 میں زیر زمین بورنگ کراکر پانی فروخت کرنے والے ہائیڈرنٹ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی اور اس ہائیڈرنٹ کو بند کرادیا گیا، واضح رہے کہ پانی چور ی میں ملوث مافیا کے کارندے واٹر بورڈ کے عملہ کے پہنچتے ہی ہائیڈرنٹس سے فرار ہوگئے ، واٹر بورڈ کی اس کارروائی سے متعلقہ علاقوں میں عوام کو پانی کی بلاتعطل فراہمی میں مزید بہتری کا امکان ہے اور عوام میں خوشی کی لہر پھیل گئی۔
Load Next Story