بھارتی فلم پروڈیوسر کوکین فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
پروڈیوسر کے پاس سے 80 گرام سے زیادہ کوکین برآمد ہوئی، بھارتی میڈیا
بھارتی فلم پروڈیوسر کو پولیس نے منشیات فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا رہورٹ کے مطابق پولیس نے مصدقہ اطلاع پر فلم پروڈیوسر ایس کے پی چودھری کو رنگے ہاتھوں کوکین فروخت کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا۔
پروڈیوسر کے پاس سے 82.75 گرام وزنی منشیات کے 90 ساشے برآمد ہوئے جس کو پولیس نے ضبط کر لیا۔ اس کے علاوہ اس کے قبضے سے 2 لاکھ 5 ہزار روپے کی نقدی، 4 موبائل فون اور ایک گاڑی بھی ضبط کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس کے پاس سے ضبط کی جانے والی اشیاء کی کُل مالیت ساڑھے 78 لاکھ روپے ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم تیلگو فلم 'کبالی' اور دیگر دو تیلگو اور ایک تامل فلم کے ڈسٹری بیوٹر تھے لیکن انہیں ان فلموں سے وہ منافع نہ مل سکا جس کی انہیں توقع تھی۔
فلموں کی ناکامی کی صورت میں پروڈیوسر مایوس ہوکر گووا چلا گیا اور وہاں کلب کا بزنس شروع کیا۔ جہاں وہ حیدرآباد سے اپنے کلب آنے والے دوستوں اور مشہور شخصیات کو منشیات فروخت کیا کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پروڈیوسر نے ایک نائیجیرین سے کوکین کے 100 ساشے خریدے اور اس میں سے 10 ساشے اس نے اپنے دوستوں کو فروخت کر کے رقم حاصل کی۔