انسانی اسمگلنگ کیخلاف کارروائی پاکستانی پولیس آفیسر کیلیے امریکا میں ہیرو ایوارڈ
ظہیر احمد سمیت دنیا بھر سے 8 منتخب شخصیات کو خصوصی تقریب میں ایوارڈ دیے گئے
پاکستانی پولیس آفیسر و ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کے سابق ڈائریکٹر ظہیر احمد نے ٹریفکنگ ان پرسن رپورٹ ہیرو ایوارڈ 2023 اپنے نام کرلیا۔
یو ایس سیکریٹری آف اسٹیٹ اینٹونی بلنکن نے ظہیر احمد سمیت دنیا بھر سے 8 منتخب شخصیات کو خصوصی تقریب میں ایوارڈ دیے۔
ٹریفکنگ ان پرسن رپورٹ ہیرو ایوارڈ دنیا بھر سے 8 منتخب افراد کو دیا گیا جن میں پاکستان سے ڈی آئی جی پونچھ آزاد کشمیر ظہیر احمد و سابق ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ یونٹ کے ڈائریکٹر شامل ہیں۔
ڈی آئی جی پونچھ آزاد کشمیر ظہیر احمد نے انسداد انسانی اسمگلنگ قوانین کے نفاذ، اصلاحات، صلاحیت سازی اور تربیتی اقدامات خاطر آگاہی کے لیے اہم کردار ادا کیا اور انکی کی کاوشوں سے پاکستان کو ٹریفک ان پرسن ٹیئر 2 واچ لسٹ نکلنے و اقوام متحدہ کے پروٹوکولز کی توثیق کرنے میں مدد ملی۔
ظہیر احمد ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی پاکستان میں انسداد انسانی اسمگلنگ کی کاوشوں میں سب سے آگے رہے جبکہ مقامی اور بین الاقوامی ایڈووکیسی گروپس کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف متحدہ محاذ کو فروغ دینے کے لیے بھی سرگرم عمل رہے۔
انہیں کاوشوں کو سراہتے ہوئے یو ایس سیکریٹری آف اسٹیٹ اینٹونی بلنکن نے ظہیر احمد سمیت 8 منتخب شخصیات کو خصوصی تقریب میں ایوارڈ دیے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ٹریفکنگ ان پرسنز رپورٹ ہیرو ایوارڈ ظہیر احمد جیسے افراد کی غیر معمولی کاوشوں کا اعتراف کرتا ہے، جن کی لگن اور عزم دوسرے افسران کو کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ظہیر احمد کا اظہار تشکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایوارڈ و کامیابی ٹیم ورک کے باعث ممکن ہوئی، اعزاز حاصل کرنے پر فخر ہے دنیا کے ساتھ مل کر انسانی اسمگلنگ کے خاتمہ کے لیے کوششیں جاری رکھوں گا۔