کینیڈا میں جوا کھیلنے کیلیے جانے والے معمر افراد کی وین کو حادثہ 15 ہلاک

بس ایک کیسینو جارہی تھی، حادثے میں وین اور ٹرک کے ڈرائیورز محفوظ رہے

معمر افراد کا گروپ کیسینو جارہا تھا؛ فوٹو: ٹوئٹر

کینیڈا کے شہر منیٹوبا میں مسافر وین ایک مال بردار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسافر وین میں زیادہ تر معمر افراد تھے جو کیسینو جا رہے تھے۔ وین ہائی وے جنکشن پر ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ وین اور ٹرک کے ڈرائیورز نے کسی طرح اپنی جانیں بچالیں۔

یہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ وین کے پرخچے اُڑ گئے اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی۔ وین میں لگنے والی آگ نے سڑک کے کنارے اگی گھاس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ زیادہ تر مسافر طبی امداد ملنے سے قبل ہی وین میں بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

ٹرک کا اگلا حصہ بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ یہ حادثہ کینیڈا میں ہونے والے ہلاکت خیز بڑے وین حادثوں میں سے ایک ہے۔ امدادی کاموں کے دورن 15 لاشیں نکالی گئیں۔


ایمبولینسوں کے ذریعے 10 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تاحال پولیس یہ تعین کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی کہ حادثہ کس کی غفلت سے پیش آیا۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں یا کوئی بھی اس درد کا تصور نہیں کر سکتے جو آپ لوگوں نے جھیلا ہے۔ دکھ کی گھڑی میں پورا ملک آپ کے ساتھ ہے۔

 

 
Load Next Story