ملکی تاریخ میں پہلی بار 11 ٹریلین کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کا ڈیٹا آن لائن کردیا گیا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تقریب کے دوران باضابطہ طور پر پی ایس ڈی پی پورٹل کا آغاز کیا

(فوٹو : فائل)

شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے 1.1 ٹریلین روپے مالیت کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کا ڈیٹا پورٹل پر آن لائن کردیا گیا۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے منصوبوں کا ڈیٹا (جاری اور پچھلے سالوں) پی ایس ڈی پی پورٹل پر آن لائن کر دیا گیا یے جن کی مالیت 1.1 ٹریلین روپے ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے وزارت منصوبہ بندی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران باضابطہ طور پر پی ایس ڈی پی پورٹل کا آغاز کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری پلاننگ منسٹری، ممبران پلاننگ کمیشن، پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن سپارکو کے چیئرمین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔




افتتاحی تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے اس اقدام کو ملکی تاریخ میں ایک ''تاریخی دن'' قرار دیا جو اس پورٹل کے ذریعے شہریوں کو براہ راست منسلک کرتے ہوئے پی ایس ڈی پی کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد کی کمی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی جو ماضی میں کمزور رہی۔

پلاننگ کمیشن کے ممبر گورننس، انوویشن اینڈ ریفارمز ڈاکٹر عدنان رفیق نے کہا کہ پورٹل پر تمام جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں کا ڈیٹا میسر ہے جس کی رسائی تمام لوگوں کے لیے ہے، وزارت نے پہلے ہی ایک چیمپیئنز آف ریفارمز نیٹ ورک قائم کیا ہے تاکہ پی ایس ڈی پی کے تحت پروجیکٹ کی تجاویز کا جائزہ لینے اور شہریوں سے ان پٹ حاصل کی جا سکے۔



واضح رہے کہ آن لائن پورٹل ایک انٹرایکٹو میپ انٹرفیس فراہم کرتا ہے جس سے صارفین پراجیکٹس کے جغرافیائی پھیلاؤ کا تصور کر سکتے ہیں، صارفین محل وقوع کے لحاظ سے پراجیکٹس تلاش کر سکتے ہیں، پراجیکٹ پروفائلز دیکھ سکتے ہیں اور مخصوص علاقوں میں ترقیاتی اقدامات کی جامع سمجھ حاصل کر سکتے ہیں۔
Load Next Story