سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان

شاہین آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی، عامر جمال اور محمد حریرہ ٹیم کا حصہ ہوں گے


ویب ڈیسک June 17, 2023
شاہین آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی، عامر جمال اور محمد حریرہ ٹیم کا حصہ ہوں گے (فوٹو: فائل)

سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے اعلان کردہ 16 رکنی ٹیم میں ٹاپ آرڈر بیٹر محمد حریرہ اور آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی شامل کیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔

مزید پڑھیں: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کل ہوگا

پاکستان کا اسکواڈ؛

کپتان بابراعظم، محمد رضوان، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں 4 اسپنرز ، 4 فاسٹ بولرز ، 6 بیٹسمین اور 2 وکٹ کیپرز شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ کا اعلان ہوگیا؛ پاکستان، سری لنکا مشترکہ میزبان

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں منتخب کردہ نوجوان کھلاڑیوں محمد حریرہ اور عامر جمال کو مبارک باد دیتا ہوں، جو اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ہارون رشید نے مزید کہا کہ تیسری آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہماری پہلی سیریز ہے اور یہ اسکواڈ ہمیں اچھا آغاز فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان، سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا مجوزہ شیڈول سامنے آگیا

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔ انہیں 6 ماہ کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔

پاکستان اور اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز جولائی 2022 میں کھیلی گئی تھی جو ایک ایک سے برابر رہی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں