بینظیرانکم سپورٹ پروگرام 25 فیصد اضافے کے ساتھ چوتھی سہ ماہی کی قسط پیر سے ملے گی

ادائیگی کی رسید کے ساتھ 9000 روپے کی مکمل رقم وصول کریں، چیئرپرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری


ویب ڈیسک June 17, 2023
—فائل فوٹو

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) مالی سال 2022-23کی چوتھی سہ ماہی قسط 9000 روپے پیر سے جاری کررہا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے امسال کے آغاز میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں 25 فیصد اضافے کا اعلان میں کیا تھا جس کے بعد چوتھی سہ ماہی قسط 9000 روپے ہو گی۔

بینظیر کفالت کے علاوہ بینظیر تعلیمی وظائف کی جنوری تا مارچ قسط بھی 6.7 ملین اسکول جانے والے طلبہ میں تقسیم کی جا رہی ہے جن کی اسکول میں حاضری کم از کم 70 فیصد ہے۔ اس بار رقم کی ادائیگی پورے ملک میں قائم 1559 خصوصی طور پر منعقد کیمپ سائٹس کے ذریعے کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پرائمری سطح پرطالبات کو 2000 روپے جبکہ طلبہ کو 1500 روپے دیے جاتے ہیں۔ سیکنڈری سطح پر طلبات اور طلبہ کو بالترتیب 3000 اور 2500 روپے جبکہ ہائر سیکنڈری سطح پر 4000 اور 3500 روپے بالترتیب طلبات اور طلبہ کو ادا کئے جاتے ہیں۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری نے اپنے پیغام میں رجسٹرڈ مستحقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ادائیگی کی رسید کے ساتھ 9000 روپے کی مکمل رقم وصول کریں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت نگرانی اور چوکسی کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں مستحقین کو فوری طور پر بی آئی ایس پی کی ٹول فری ہیلپ لائن 26477-0800 پر اطلاع کرنی چاہیے اور نقد رقم کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے کیمپ سائٹ پر تعینات بی آئی ایس پی افسر کو مطلع کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں