ٹیسٹ میں سرفراز کو رضوان کی جگہ نائب کپتان ہونا چاہیے راشد لطیف

طویل فارمیٹ میں قائدانہ کردار کا مستحق سرفراز ہے، کسی کو بلاوجہ سپورٹ نہیں کرنا چاہیے، سابق کپتان


ویب ڈیسک June 18, 2023
طویل فارمیٹ میں قائدانہ کردار کا مستحق سرفراز ہے، کسی کو بلاوجہ سپورٹ نہیں کرنا چاہیے، راشد لطیف (فوٹو: ایکسپریس ویب)

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سرفراز احمد کو نائب کپتان نامزد کرنا چاہیے تھا۔

سابق کپتان راشد لطیف نے اپنی رائے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ سیریز کیلئے سرفراز احمد کو محمد رضوان کی جگہ ٹیسٹ نائب کپتان مقرر کیا جانا چاہیے تھا، وہ تجربے اور کارکردگی میں ان سے کہیں زیادہ موزوں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد رضوان اچھی فارم میں نہیں ہیں اور سرفراز احمد نے جس انداز میں قومی ٹیم میں واپسی کی ہے وہ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، سابق کپتان کی کارکردگی کے باعث انہیں پلئینگ الیون کا حصہ بننا چاہیے۔

مزید پڑھیں: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان

راشد لطیف نے کہا کہ سرفراز کی نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے رضوان کو نائب کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ جائز نہیں، میرے خیال میں بابراعظم کو تمام فارمیٹس میں کپتان ہونا چاہیے تاہم کسی کو بلاوجہ سپورٹ نہیں کرنا چاہیے، اگر کوئی اور ٹیسٹ میں قائدانہ کردار کا مستحق ہے تو وہ شخص سرفراز ہے اور کوئی نہیں۔

مزید پڑھیں: ٹیسٹ فارمیٹ سے دور رہنا مشکل مرحلہ تھا، شاہین آفریدی

نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں سابق کپتان سرفراز احمد نے محمد رضوان کی جگہ اپنی صلاحیتوں کو منوایا تھا اور 83.75 کی شاندار اوسط سے 335 رنز بنائے، وہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر ابھرے تھے۔

مزید پڑھیں: علیم ڈار نے سرفراز احمد کو مصباح، بابراعظم سے بہتر کپتان قرار دیدیا

قبل ازیں رضوان نے خود انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران اپنی خراب فارم کا اعتراف کیا تھا، جہاں وہ بلے سے مشکلات کا شکار تھے۔ رضوان نے تین میچوں کی سیریز میں چھ اننگز میں 23.50 کی اوسط سے 141 رنز بنائے اور ایک بھی ففٹی اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہفتہ کو سری لنکا کے خلاف جولائی میں ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں بابراعظم کو کپتان جبکہ محمد رضوان کو نائب کپتان بنایا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں