کراچی میں فائرنگ کے واقعات پولیس اہلکارسمیت 7 افرادہلاک

سپاہی ملک نسیم پاک کالونی،ناظم آبادمیں متحدہ کاکارکن ماراگیا،بغدادی میں گینگسٹرقتل


Staff Reporter April 30, 2014
کورنگی،نیو کراچی اور کلفٹن کے علاقوں میں فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران پولیس اہلکار اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 7افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صدربوہری جماعت خانے کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 16 سالہ اسدہلاک ہوگیا،اسد کھانے کے ہوٹل پر آیا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار 2 افراداس کے قریب آئے ،بات چیت کی اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ، مقتول علاقے کا ہی رہائشی تھا۔لیاری کے علاقے بغدادی میں یوسف ہارون روڈ پرفائرنگ سے 30 سالہ سعید رضاہلاک ہوگیا، مقتول کاتعلق لیاری گینگ وار کے کامریڈ گروپ سے ہے اوراسے اس کے ساتھیوں نے کسی تنازع پرفائرنگ کرکے ہلاک کیا اور فرار ہوگئے ۔

مقتول جمن شاہ پلاٹ کا رہائشی تھا۔ملیرمحبت نگر میں گھرکے اندر داخل ہوکرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 18 سالہ عنبردختر عبداللطیف کو ہلاک کردیا، مقتولہ کو 3 گولیاں ماری گئیں ،مقتولہ کی کچھ عرصے بعدشادی تھی،واقعے کے وقت مقتولہ گھر میں اکیلی تھی، پولیس نے واقعے کو رشتے کا تنازع قرار دیا ہے۔ٹیپوسلطان کے علاقے میں2سیکیورٹی گارڈکے درمیان جھگڑا ہوگیا،اسی دوران سیکیورٹی گارڈبابرخان تنولی نے فائرنگ کردی جس سے ساتھی سیکیورٹی گارڈظہیرعباس ہلاک ہوگیا،پولیس نے ملزم کوگرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے۔

کورنگی سوکوارٹرزمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے22سالہ عرفان،نیو کراچی سندھی ہوٹل کے قریب فائرنگ سے 30 سالہ غلام شبیر،کلفٹن کے علاقے میں آفاق ہاؤس کے قریب فائرنگ سے50سالہ ریاض زخمی ہوگیا۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ناظم آباد کے علاقے 6نمبر ایس ایم پبلک اسکول کے قریب2موٹرسائیکلوں پر سوار 4ملزمان نے دکان پرفائرنگ کرکے باہربیٹھے ہوئے2 افراد کوشدید زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیاجہاں28سالہ شاہ رخ جاں بحق ہو گیا جبکہ 25 سالہ فیضان کو بعدازاں عباسی شہید سے نارتھ ناظم آباد میں واقع نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے ۔

ایس ایچ او اعجاز لودھی کے مطابق دونوں متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 183 کے کارکنان ہیں،واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی تاہم پولیس نے صورتحال کوکنٹرول کرلیا۔پاک کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسپیشل برانچ کا سپاہی 30 سالہ ملک نسیم جاں بحق ہوگیا، مقتول اسپیشل برانچ کا سپاہی اور گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں قائم پولیس کے تربیت یافتہ کتوں کے یونٹ K-9 میں تعینات تھا جسے نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب ہی فائرنگ کا نشانہ بنایا۔آرام باغ کے علاقے جامعہ کلاتھ سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ۔ متوفی حلیے سے نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے اور شبہ ہے کہ وہ نشے کی زائد مقدار پینے سے ہلاک ہوا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں