50 کروڑ کی جعلی انوائسز بنانے والے ملزم کے گرد ایف بی آر کا گھیرا تنگ
ایف بی آر کے رجوع کرنے پر عدالت نے ملزم کو پیشگی اجازت کے بغیر بیرون ملک جانے سے روک دیا
ایف بی آر نے جعلی اور فلائنگ انوائسز کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ان کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوششیں ناکام بنادی ہیں۔
ایف بی آر کے ماتحت ادارے انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن آئی آر کرچی نے اس ضمن میں امیگریشن حکام کو آن بورڈ لے لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کی مذکورہ حکمت عملی اختیار کیے جانے سے حال ہی میں قومی خزانے کو 50 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا نقصان پہنچانے والے جعلی/فلائنگ انوائس اسکینڈل میں نامزد ملزم جو کہ اس اسکینڈل کا مبینہ طور پر ماسٹر مائنڈ ہے، کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔
جعلی اور فلائنگ انوائس اسکینڈل کے ماسٹر مائنڈ کے بارے میں مصدقہ اطلاع پر استغاثہ نے اسپیشل جج کسٹم اینڈ ٹیکسیشن کراچی کی عدالت میں ملزم کا پاسپورٹ اٹیچ کرنے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ نامزد ملزم نے ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت اور پھر ٹرائل کورٹ سے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی ہوئی ہے اور وہ تفتیش میں شامل نہیں ہورہا۔
عدالت نے درخواست پر سماعت کے بعد ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کراچی سے رپورٹ طلب کرنے کا حکم اور ملزم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ ملزم عدالت کی پیشگی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جائے گا۔
ان لینڈ ریونیو ایف بی آر کی اینٹی فراڈ ایجنسی کے حکام نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ملک سے جعلی/فلائنگ انوائس کی لعنت کو ختم کیا جائے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔