نشان حیدر ہاکی پورٹ قاسم نے ریلویز کو قابو کر لیا

رضوان خان نے 2 گول داغے، طلحہ تنویر، عاطف اور رضوان بھی گیند کو جال تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔

رضوان خان نے 2 گول داغے، طلحہ تنویر، عاطف اور رضوان بھی گیند کو جال تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔ فوٹو: فائل

نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں پورٹ قاسم نے ریلویز کو5-1 سے قابو کرلیا۔

فاتح ٹیم کیلیے رضوان خان نے 2 گول داغے، ایک ایک مرتبہ طلحہ تنویر، محمد عاطف اور رضوان نے حریف گول کیپر کو چکمہ دیا، ناکام سائیڈ کا واحد گول ذیشان بخاری کے نام رہا، نیوی نے پولیس کو 3-1 سے مات دے دی۔


کامیاب سائیڈ کے آصف، راشد اور صابر نے گیند کو جال میں پہنچایا، ناکام سائیڈ کا اولین گول سجیل نے اسکور کیا۔ تفصیلات کے مطابق نویں نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے بہاولپور کے مطیع اللہ آسٹرو ٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہیں، موصولہ اطلاعات کے مطابق منگل کو دن کے دوسرے مقابلے میں پورٹ قاسم نے ریلویز کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 5-1 سے کامیابی حاصل کرلی، پورٹ قاسم کے کھلاڑی پورے میچ میں مخالف ٹیم پر چھائے رہے۔

انھوں نے پہلے ہاف میں 2 جبکہ کھیل کے دوسرے حصے میں 3 گول اسکور کیے، فاتح ٹیم کے رضوان خان نے 2 بار گیند کو جال کا راستہ دکھا کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، انھوں نے یہ گول کھیل کے 21ویں اور70ویں منٹ میں بنائے، طلحہ تنویر، محمد عاطف اور رضوان نے ایک ایک گول اپنے نام درج کرایا، ریلویز کا واحد گول ذیشان بخاری نے اسکور کیا۔اس سے قبل دن کے پہلے مقابلے میں نیوی نے پولیس کو ایک کے مقابلے میں3 گول سے شکست دے دی، پہلے ہاف میں نیوی کو 1-0 سے برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں نیوی نے مزید 2گول اسکور کرکے میچ جیت لیا، فاتح ٹیم کی جانب سے آصف علی نے کھیل کے چھٹے منٹ میں پہلا گول کیا۔

تاہم آخری 29 منٹ میں کوئی بھی ٹیم گیند کو جال میں نہ پھینک سکی۔ دوسرے ہاف میں نیوی نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور61ویں منٹ میں محمد راشد کے فیلڈ گول کے ذریعے حریف سائیڈ کے خلاف برتری دگنی کر لی تاہم صرف تین منٹ کے بعد پولیس کے سجیل نے گول کر کے اسکور 2-1کر دیا۔کھیل کے آخری منٹ میں نیوی کے محمد صابر نے گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے برتری دلا دی، جو فائنل وسل تک قائم رہی۔
Load Next Story