سرجانی ٹاؤن میں شراب خانہ کھولنے پر ہنگامہ آرائی پولیس اہلکارسمیت 4 زخمی
مشتعل مظاہرین نے پتھراؤ کرکے پولیس موبائل سمیت پانچ گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے
سرجانی ٹاؤن میں شراب خانہ کھولنے پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے، شراب خانے میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے باعث پولیس اہلکار سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے کرسچن محلہ میں شراب خانہ کھولے جانے پر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے، مشتعل افراد شراب خانہ کے باہر پہنچ گئے جہاں پہلے مظاہرین نے شراب خانہ کے خلاف احتجاج شروع کیا۔
شراب خانے کے عملے نے مشتعل افراد پر ہوائی فائرنگ کردی جس پر مظاہرین مزید مشتعل ہوگئے اور شراب خانے میں گھس کر توڑ پھوڑ شروع کردی، پولیس کی ایک موبائل موقع پر پہنچی تو مظاہرین نے پولیس موبائل پر پتھراؤشروع کردیا جس کے باعث ایک اہلکار سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
مشتعل مظاہرین نے پتھراؤ کرکے پولیس موبائل سمیت 5 گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے، پولیس موبائل میں آنے والے اہلکار اپنی جان بچا کر بھاگ گئے۔
پولیس حکام کے مطابق مظاہرین کی جانب سے شراب خانے میں توڑ پھوڑ کی گئی اور انہوں نے دکان سے متصل گھر میں بھی گھس کر لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کی بھاری نفری دوبارہ موقع پر پہنچی، اور افسران نے مشتعل افرادکو یقین دہانی کرائی کہ شراب خانہ اب نہیں کھلے گا جس پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
پولیس افسران کا کہنا تھاکہ شراب خانہ کھولنے کا اجازت نامہ سندھ گورنمنٹ کا محکمہ ایکسائز دیتا ہے پولیس نہیں دیتی۔
پولیس کے مطابق کرسچن اتحاد کمیٹی نے سرجانی تھانے میں 15 جون کو دراخواست جمع کرائی تھی کہ نامعلوم افراد شراب خانے سے بھتہ مانگ رہے ہیں، اور نہ دینے پر اسے توڑنے اور احتجاج کی دھمکی دے رہے ہیں ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔