کراچی سمیت سندھ کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی

پولیو ورکرز گھر گھر جا کر 18 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گے، صوبائی محکمہ صحت


Staff Reporter June 18, 2023
فوٹو: فائل

محکمہ صحت سندھ کے زیر اہتمام پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز آج پیر سے ہوگا جس میں صوبے کے 18 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے خصوصی پولیو مہم 19 سے 23 جون تک جاری رہے گی جو حیدرآباد، جامشورو، کراچی کے ضلع وسطی، شرقی، کیماڑی، کورنگی، ملیر، جنوبی اور ضلع غربی سمیت صوبے کے 9 اضلاع میں چلائی جائے گی، سندھ کی 120 یوسیز میں پولیو ورکرز گھر گھر جا کر 18 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گے، پولیو مہم میں 10 ہزار سے زائد ورکرز حصہ لیں گے جبکہ 2200 سے زیادہ پولیس اہلکار بھی موجود ہوں گے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق گجرو سے ایک مثبت ماحولیاتی نمونہ حاصل کیا گیا ہے، یہ نمونہ 15 مئی 2023 کو سیوریج سے جمع کیا گیا تھا، یہ اس طرح کا پہلا مثبت نمونہ ہے جو 8 ماہ بعد پایا گیا تھا، آخری مثبت نمونہ لانڈھی سے اگست 2022 میں جمع کیا گیا تھا، یہ انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ اس علاقے میں پولیو وائرس موجود ہے اور پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو خطرہ لاحق ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تمام والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد سے درخواست ہے کہ وہ مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، پولیو لاعلاج ہے جس سے بچاؤ انسداد پولیو مہمات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں