کراچی مسجد میں بچے پر بہیمانہ تشدد کرنے والا نمازی گرفتار

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر پولیس نے کارروائی کی


Staff Reporter June 19, 2023
(فوٹو فائل)

کیماڑی کی جامعہ مسجد میں شرارت کرنے پر نمازی نے کم عمر لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر پولیس نے نمازی کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جیکسن تھانے کے علاقے کیماڑی سموسہ گراؤنڈ کے قریب جامع مسجد میں شرارت کرنے پر نمازی نے کم عمر لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند کم عمر لڑکے مسجد میں بیٹھے ہوئے تھے ایک دوست نے باہر سے آکر دوست کی آنکھ پر ہاتھ رکھ دیا، کم عمر لڑکوں کے شور شرابے سے قریب نماز ادا کرنے والے نمازی کو غصہ آگیا اور نمازی نے ڈانٹ ڈپٹ کے ساتھ ایک کم عمر لڑکے پر تشدد شروع کر دیا۔



نمازی نے مار مار کر کم عمر لڑکے کی حالت بری کر دی دیگر نمازی بھی جمع ہوگئے، تشدد کرنے والے نمازی کو سمجھایا دیگر نمازیوں نے تشدد کرنے والے نمازی کی داڑھی پکڑی، اسکے آگے ہاتھ جوڑے لیکن وہ کم عمر لڑکے پر تشدد کرتا رہا اور بڑی مشکل سے نمازیوں نے کم عمر لڑکے کی جان بچائی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر جیکسن پولیس نے کم عمر لڑکے پر تشدد کرنے والے شخص معراج گل کو حراست میں لے لیا۔ معراج گل جیکسن کا ہی رہائشی ہے۔

ایس ایچ او جیکسن بابر حمید کے مطابق جامعہ مسجد میں کم عمر لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ ہفتے کو پیش آیا تھا اور ویڈیو پیر کو وائرل ہوئی جس پر پولیس نے ایکشن کرتے ہوتے کم عمر لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کو حراست میں لے لیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ کم عمر لڑکے کے والدین سے مشاورت کرکے معراج گل کے خلاف مقدمہ درج کریں گے، بچے پرتشدد کی ویڈیوز اور عینی شاہدین کے بیانات بھی حاصل کرچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں