نشے میں دھت افراد کو روکنے پر دو پولیس اہلکار تشدد کا نشانہ بن گئے

اہل کاروں نے نشے میں دھت افراد کو روکا اور رشوت مانگی جس پر نشہ کرنے والوں کے ساتھیوں نے انہیں مارا، عینی شاہدین


Staff Reporter June 19, 2023
زخمی پولیس اہل کاروں کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

عزیز آباد میں نشے میں دھت افراد کو چیکنگ کے لیے روکنے پر انہوں نے شاہین فورس کے دو پولیس اہل کاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دونوں اہلکار زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عزیز آباد کے علاقے نعمت کالونی کرسچن پاڑہ کے قریب موٹر سائیکل گشت پر مامور عزیز آباد تھانے میں تعینات شاہین فورس کے اہل کاروں نے نشے میں دھت افراد کو چیکنگ کی غرض سے روکا تو انہوں نے ساتھیوں کو بلاکر اہل کاروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولیس اہل کار اہلکار زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، اہل کاروں کی شناخت پرویز خان اور محمد حماد کے ناموں سے کی گئی۔

ایس ایچ او عزیز آباد کا کہنا تھا کہ زخمی اہل کار عزیز آباد تھانے میں تعینات ہیں اور موٹر سائیکل گشت پر مامور تھے کہ واقعہ پیش آیا، پولیس اہلکاروں نے نشے میں دھت افراد کو روکا تو انہوں نے حملہ کر دیا ، حملہ آوروں کی تعداد پچاس سے ساٹھ تھی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر فرار ہونے والوں کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اہل کاروں نے نشے میں دھت افراد کو روکا، پولیس اہل کاروں نے مبینہ طور پر رشوت کا مطالبہ کیا جس پر نشہ کرنے والے افراد انہیں اپنے علاقے میں لے گئے جہاں انہوں نے اپنے متعدد ساتھیوں کو بلایا اور پولیس اہل کاروں کو مارا۔

ایس ایس پی سینٹرل کو واقعے کے حقائق بتا دیے گئے ہیں، ایس ایس پی کے حکم پر واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں