گجرات میں قتل کرکے کویت فرار ہونے والا اشتہاری دو سال بعد گرفتار

گجرات پولیس کے ریڈ نوٹس پر انٹرپول نے کویت سے گرفتار کرکے گجرات پولیس کے حوالے کردیا


ویب ڈیسک June 19, 2023
گرفتار ملزم کی تصویر (فوٹو : پنجاب پولیس)

گجرات میں قتل کرکے کویت فرار ہونے والے ملزم کو انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرکے گجرات پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی، حال ہی میں ایک اور ملزم کو کویت سے گرفتار کرکے وطن لایا گیا ہے جس کے بعد بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی۔

پنجاب پولیس کے مطابق قتل کی واردات کے بعد کویت فرار ہونے والے اشتہاری یاسر عمران کو گرفتار کرکے وطن واپس لایا گیا ہے، قتل کے مقدمے میں ملوث خطرناک اشتہاری یاسر عمران دو سال سے گجرات پولیس کو مطلوب تھا۔

گجرات پولیس نے ایک ماہ قبل ملزم یاسر عمران کا ریڈ نوٹس جاری کروایا تھا جس پر ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان نے ملزم کو کویت سے گرفتار کرکے لاہور ایئر پورٹ منتقل کیا بعدازاں اسے ایف آئی اے امیگریشن نے گجرات پولیس کے حوالے کر دیا جہاں اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول کویت کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

دریں اثنا آئی جی پنجاب عثمان انور نے خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش پیش کی ہے اور سنگین وارداتوں میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاؤن کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں