کرتارپور راہداری پر بھارتی مسیحی لڑکی کی والد اوربھائی سے ساڑھے 6 سال بعد ملاقات

عامر گل اپنے بیمار والد کو فیصل آباد سے لیکر کرتارپور صاحب پہنچا تھا۔


آصف محمود June 19, 2023
عامر گل اپنے بیمار والد کو فیصل آباد سے لیکر کرتارپور صاحب پہنچا تھا۔

کرتارپور راہداری کے ذریعے گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں جہاں کئی بچھڑے ہوئے سکھ خاندان آپس میں ملے ہیں وہیں آج مسیحی لڑکی کی بھی اپنے والد اوربھائی سے ساڑھے 6 سال بعد ملاقات ہوئی ہے

بھارتی ریاست احمد آباد سے آنیوالی سونیا گل نے کئی برسوں بعد فالج کا شکار اپنے والد سے گوردوارہ دربارصاحب کرتارپور میں ملاقات کی ہے۔

سونیا گل اپنے راہول پوار اور چند سال کی بیٹی کے ہمراہ کرتارپور راہداری کے راستے گوردوارہ دربارصاحب کرتارہورپہنچی جہاں ان کے والد سلیمان گل جو کہ فالج کا شکار ہیں اور انہیں ایمبولینس پر یہاں لایا گیا تھا، آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ ان سے ملاقات کی، وہ بستر پر پڑے اپنے والد سے لپٹ کر روتی رہیں،سونیا گل اپنے والد کے لیے انگوٹھی بھی لیکر آئی تھیں جو انہوں نے اپنے بیمار والد کی انگلی میں پہنائی۔

اس موقع پر پاکستان میں مقیم سونیا کا بھائی عامر گل بھی موجود تھا۔ عامر گل اپنے بیمار والد کو فیصل آباد سے لیکر کرتارپور صاحب پہنچا تھا۔

سونیا گل نے کہا پاکستان اوربھارت کے کشیدہ حالات کی وجہ سے انہیں ویزہ نہیں مل رہا تھا،انہوں نے کافی کوشش کی کہ وہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں اور اپنے والد سمیت خاندان کے دیگر افراد سے مل سکیں لیکن ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔ وہ سمجھتی تھیں کہ شاید اب کبھی بھی اپنے والد سے نہیں مل سکیں گی کیونکہ وہ فالج کاشکار ہیں ان کا جسم حرکت نہیں کرسکتا ہے۔

سونیا گل کے شوہر راہول پوار نے پاکستان حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے بتایا انہیں امید نہیں تھی کہ پاکستان سونیا کو ان کے والد سے ملنے کی اجازت دے گا۔ لیکن ناصرف پاکستان نے اجازت دی بلکہ یہاں پہنچنے پر عزت اور احترام دیا گیا ہے۔انہوں نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرتارپور کے حکام کا شکریہ اداکیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں