کراچی مویشی منڈی کے بیوپاریوں سے لوٹ مار میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
ملزمان کے 6 رکنی گروہ میں دو خواتین بھی شامل ہیں، پولیس حکام
گلشن اقبال پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران مویشی منڈی کے بیوپاریوں سے لوٹ مار میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک زخمی ملزم کو جناح اسپتال سے گرفتار کیا گیا، گرفتار گروہ 6 ملزمان پر مشتمل ہے جس میں 2 لڑکیاں بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال پولیس نے راشد مہناس روڈ نعمان سینٹر کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان عمران ولد ارشاد اور عبدالستار ولد جبار کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ گرفتار ملزمان کے 2 ساتھی زخمی حالت میں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
زخمی حالت میں موقع سے فرار ہونے والا ایک ڈکیت محبوب الرحمان ولد گل رحمٰن جناح اسپتال سے دوران علاج گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایچ او گلشن اقبال ارشد آفریدی کے مطابق گرفتار ڈکیتوں کا گروہ 6 ملزمان پر مشتمل ہے جس میں 2 لڑکیاں بھی شامل ہیں اور گرفتار ملزمان واردات سے قبل دونوں لڑکیوں کو موٹر سائیکل سے اتار دیا کرتے ہیں اور واردات کے بعد پولیس کو دھوکا دینے کے لیے لڑکیوں کو موٹر سائیکل پر بیٹھا کر فرار ہوجاتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ ان کا گروہ مویشی منڈی کے بیوپاریوں سے نقدی چھینے میں ملوث ہیں، چار روز قبل عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں ان ہی ملزمان نے ایک بیوپاری سے 21 لاکھ روپے اور وقوع کے روز عزیز بھٹی ہی تھانے کی حدود سے 4 لاکھ روپے چھینے تھے۔ گرفتار ملزمان کا گروہ متعدد شہریوں سے نقدی، موبائل فون چھینے کی وارداتوں میں ملوث ہے جس کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔
ایس ایچ اونے بتایا کہ گرفتارملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکےان کے مفرورساتھیوں عمران ،رشید اور2 لڑکیوں کے خلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔