دفاع پاکستان کے مقدس مشن کے لئے پوری قوم اپنی بہادر افواج کی پشت پر ہے وزیر اعظم

قوم کے کل کی خاطر اپنا آج قربان کردینے والے یہ عظیم فرزند ہمارے محسن ہیں، وزیر اعظم نواز شریف

ملک کے لئے اپنی جانو ں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہمیشہ ہماری تریجح رہے گی، وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کے مقدس مشن کے لئے پوری قوم اپنی بہادر افواج کی پشت پر ہے، ملکی دفاع کے استحکام کیلئے افواج اور عوام کے اس باہمی رشتے کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیا جائے۔


یوم شہداءکے موقع پر اپنے پیغام میںوزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن ہمیں وطن عزیز کے ان بہادر جانبازوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی جانیں مادر وطن کے دفاع کی نذر کردیں اور اپنے لہو سے ایثار و قربانی کی تابندہ تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے کل کی خاطر اپنا آج قربان کردینے والے یہ عظیم فرزند ہمارے محسن ہیں۔ ان شہیدوں کا لہو ہمیشہ مسلح افواج کے جوانوں اور افسروں کے دلوں میں دفاع وطن کے عزم کو زندہ رکھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مبارکباد کے لائق ہیں وہ والدین جن کی آغوش میں قوم کے ان بہادر بیٹوں نے پرورش پائی۔ پوری قوم ان شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ یہ شہداءمسلح افواج کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ سرحدوں کا محافظ ہونے کے سبب، شہیدوں اور غازیوں کی روشن تاریخ رکھنے والی مسلح افواج ہمارا قابل فخر قومی اثاثہ ہیں۔ پاکستان کے لئے اپنی جانو ں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکے خاندانوں کی دیکھ بھال بھی ہمیشہ ہماری بڑی تریجح رہے گی۔
Load Next Story