اب گوگل لینس کی بدولت جلد کے امراض کی شناخت ممکن

گوگل کی لینس ایپ سے لی گئی تصویر کو سرچ کرنے سے وہ اس سے ملتی جلتی تصاویر اور کیفیات کو ظاہر کرتا ہے

گوگل لینس اب جلد کی علامات اور امراض کی شناخت میں مدد دے سکتا ہے۔ فوٹو: فائل

اگر آپ اپنی جلد کی بدلتی ہوئی رنگت، زخم یا کسی داد وغیرہ سے پریشان ہیں تو گوگل اس کیفیت میں آپ کی مدد کرسکتا ہے۔ اب گوگل لینس سے لی گئی تصویر سرچ کرکے آپ کو اس سے وابستہ کیفیات یا امراض معلوم کرسکتے ہیں۔

یوں گوگل کے تحت ہم اپنی جلد کی صحت کا خیال رکھ سکتے ہیں اور کسی ممکنہ پریشانی سے نجات پاسکتے ہیں۔ گوگل نے اعلان کیا ہے کہ ائی او ایس یا اینڈرؤڈ پر چلنے والے گوگل لینس سے جلد کی تصویر لے کر اپنی جلد کے ابھار یا ہونٹوں پر خراش، یا پھر ناخن کی بدلتی ہوئی رنگت کو سرچ کیا جاسکتا ہے۔


فوٹو بھیجتے ہی لینس اس سے ملتے جلتے نتائج ، تصاویر اور تفصیلات سامنے لے آتا ہے جس سے آپ اس کیفیت سے آگاہ ہوسکتے ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ گوگل زور دے کر کہتا ہے کہ سب سے اہم معالج سے رجوع کرنا ہے کیونکہ حاصل ہونے والی معلومات نامکمل اور غلط بھی ہوسکتی ہیں۔ فی الحال امریکہ میں اس فیچر کو شروع کیا گیا ہے۔

گوگل جلد کی شناخت اور عوارض پر ایک عرصے سے کام کر رہا ہے اور 2021 میں جلد، بال اور ناخن کے احوال کے لیے گوگل نے سروے اور تصاویر کے ڈیٹا بیس سے مدد لینے کا ایک باقاعدہ پروگرام شروع کیا ہے۔

گوگل کے مطابق اس ضمن میں 288 بیماریوں، عارضوں اور کیفیات کی پیشگوئی کی جاسکتی ہے جن میں تین اہم نتائج 84 فیصد تک درست ہوسکتے ہیں۔ ان سب کے باوجود گوگل نے خبردار کیا ہے کہ یہ محض معلومات کے لیے ہے اور سب سے بہتر طریقہ ڈاکٹر سے رجوع کرنا ہی ہے۔
Load Next Story