ورلڈکپ وینیوز تبدیلی کی پاکستانی درخواست مسترد

پچزپر اعتراض مضبوط وجہ نہیں،سیکیورٹی پرہی فیصلہ ممکن ہے،میڈیارپورٹ

پچز پر اعتراض مضبوط وجہ نہیں ہے،سیکیورٹی کی بنیاد پر ہی کوئی فیصلہ ممکن ہوگا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے پی سی بی کی ورلڈکپ وینیوز میں تبدیلی کی درخواست مسترد کردی۔

پی سی بی نے ڈیٹا کی بنیاد پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ چنئی میں افغانستان اور بنگلور میں آسٹریلیا کیخلاف ورلڈکپ میچ کا وینیو تبدیل کیا جائے، افغانستان سے میچ بنگلور اور آسٹریلیا سے چنئی میں رکھا جائے۔

پاکستانی موقف ہے کہ چنئی کی پچ اسپنرز کیلیے سازگار ہوگی جہاں افغان سلوبولرز مشکلات پیدا کریں گے،اس لیے کینگروز سے میچ وہاں شیڈول کردیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ؛ قومی ٹیم کی بھارت روانگی حکومتی 'گرین سگنل' سے مشروط


دوسری جانب پی سی بی نے احمد آباد میں بھارت کے خلاف میچ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کی تھی، پی سی بی نے جمعرات کو وینیوز سے متعلق اپنی رائے سے آگاہ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بیٹنگ یا بولنگ کو سپورٹ کرنے والی پچز کا اعتراض مضبوط وجہ نہیں، ابھی تک آئی سی سی نے مجوزہ وینیوز میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جاوید میاں داد نے ورلڈکپ کیلئے کرکٹ ٹیم کے بھارت جانے کی مخالفت کردی

یاد رہے کہ ورلڈکپ شیڈول اور وینیوز پر ممبر ممالک کی رائے جاننا پروٹوکول کاحصہ ہے، سیکیورٹی ایشوزکی بیناد پر ہی تبدیلی ممکن ہوتی ہے،بھارت میں ہی ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2016 میں ایسا ہوچکا، بھارتی میڈیا کے مطابق پچز کا جواز نہیں پیش کیا جاسکتا،سیکیورٹی کی بات کرتے ہوئے غور ممکن ہوگا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے ابھی تک ورلڈکپ شیڈول کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں کریں گے۔
Load Next Story