کراچی پورٹ ٹرمینلز یو اے ای کو دینے کیلیے مذاکراتی کمیٹی قائم

کمیٹی آپریشن ودیگر معاملات پر یو اے ای کی کمپنی سے مذاکرات کرے گی


Shahbaz Rana June 20, 2023
حکومت معاہدے کیلیے پرامید، قبل ازیں یہ حقوق فلپائنی کمپنی کو حاصل تھے۔ فوٹو: فائل

کراچی پورٹ کے ٹرمینلز متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کے حوالے کرنے کیلیے حکومت نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی صدارت میں انٹرگورنمنٹل کمرشل ٹرانزیکشن کی کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ کمیٹی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ اور یو اے ای کے درمیان مذاکرات کرنے کیلیے وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز فیصل سبزواری کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔

کمیٹی کے ممبران میں محکمہ خزانہ اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹریز، وزیراعظم کے معاون خصوصی جہانزیب خان، چیئرمین کے پی ٹی اور کے پی ٹی کے جنرل مینیجر شامل ہوں گے، مذاکراتی کمیٹی آپریشن، مینٹینینس، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے یو اے ای کی کمپنی سے گفت و شنید کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان ابوظہبی پورٹس گروپ کے ذیلی ادارے ابوظہبی پورٹس (ADP) کو کے پی ٹی کے ٹرمینلز حوالے کرنے کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نجی ٹرمینلز پر درآمدی کنٹینرز کا اژدھام، جگہ ختم ہوچکی

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے گزشتہ سال کراچی پورٹ ٹرمینلز کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی تھی جو پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینلز (PICT) کے انتظامی کنٹرول میں تھے۔

PICT فلپائنی کمپنی ICTSI میری ٹائم لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی ہے، PICT کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کے آپریشن چلانے کے حقوق 2002 میں 21 سال کیلیے تفویض کیے گئے تھے، جو کہ گزشتہ ہفتے کو اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی بھی معاہدہ کرتے ہوئے حکومت کو بہت محتاط انداز اپنانا ہوگا، ابتدائی طور پر حکومت نے کے پی ٹی ٹرمینلز کو خود چلانے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے یہ فیصلہ تبدیل کرنا پڑا، اور یہ ٹرمینلز 30 جون تک یو اے ای کی کمپنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 90 فیصد کنٹینرز نجی ٹرمینلز پر پڑے ہیں، کراچی چیمبر

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک ہینڈ آئوٹ میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کمیٹی نے وزارت میری ٹائم افیئرز کی ایک سمری پر غور کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ یو اے ای کی کمپنی کراچی پورٹ کے ٹرمینلز حاصل کرنا چاہتی ہے۔

لہذا کابینہ کمیٹی نے دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم سیکٹر میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے انٹر گورنمنٹل کمرشل ٹرانزیکشن ایکٹ 2022 کے تحت متحدہ عرب امارات کی حکومت اور حکومت پاکستان کے درمیان فریم ورک معاہدے کے مسودے پر بات چیت کے لیے ایک اور کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی سربراہی سیکریٹری میری ٹائم افیئرز کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی کمیٹی کا اجلاس اسی ہفتے کے اندر ہوگا اور امکان ہے کہ فریم ورک معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دے دی جائے گی جس کا مقصد ڈیل کو حتمی شکل دینا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں