اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستانی ایتھیلیٹ سیف اللہ سولنگی نے چار تمغے جیت لیے

سیف اللہ سولنگی نے لفٹنگ کی مختلف کیٹگریز میں دو گولڈ، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا


ویب ڈیسک June 20, 2023
فوٹو ایکسپریس

پاکستانی ایتھیلیٹ سیف اللہ سولنگی نے جرمنی میں جاری اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں چار تمغے جیت لیے۔

پاکستان کے سیف اللہ سولنگی نے پاور لفٹنگ ایونٹ میں بیک اسکواٹ میں 90 کلوگرام وزن اٹھا کر ایک گولڈ میڈل جیتا جبکہ ڈیڈ لفٹ میں 115 کلوگرام وزن اٹھا کر ایک اور گولڈ میڈل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

سیف اللہ سولنگی نے کمبائنڈ میں 245 کلوگرام وزن اٹھا کر سلور میڈل حاصل کیا اور بینچ 40 کلوگرام ویٹ لفٹنگ میں کانسی کا تمغہ بھی انکے نام رہا۔

سیف اللہ کے ہیڈ کوچ ساجد عمران اور کوچ رضیہ پروین کا کہنا ہے کہ سیف اللہ سولنگی نے ایونٹ کے لیے سخت محنت کی ہے اور اسکی شاندار کارکردگی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

وزیراعظم کی مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ نوجوان پاکستانی سیف اللہ سولنگی کے بارے میں برلن سے حیرت انگیز خبر ہے کہ اُس نے چار تمغے جیت کر ریکارڈ بک میں جگہ بنالی ہے۔



باسکٹ بال میں پاکستان کو ایک پوائنٹ سے شکست

دوسری جانب اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمزکے باسکٹ بال ایونٹ میں ہیلس نے دلچسپ اور سنسنی خیزمقابلے کے بعد پاکستان کو 19 کے مقابلے میں 20 پواننٹس سے شکست دے دی۔

أخری کوارٹر ختم ہونے سے 5 سیکنڈ قبل تک پاکستان کو ایک پوانٹ کی برتری حاصل تھی أخری لمحے میں ہیلس کے کھلاڑی نے پوانٹ اسکور کرکے پاکستان کی فتح کوشکست میں بدل دیا۔

واضح رہے کہ 16 ویں اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز جرمنی کے شہر برلن میں جاری ہیں جس میں پاکستان سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ایتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں، ایونٹ کا افتتاح اتوار کو ایک رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوا تھا۔

پیر کو ایونٹ کے پہلے دن اولمپیا اسٹیڈیم میں منعقدہ ریس کے مقابلوں میں پاکستان کے عمارابراہیم نے 200 اور عبدالحسیب نے 800 میٹرز ریس کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ ثمینہ اور محمد بشار 50 میٹرریس کے فائنل میں پہنچ گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں