2200 سے زائدنئی حج کمپنیوں کو ان لسٹ کر دیا گیا

لاہورسے پہلی حج پرواز20ستمبرکوروانہ ہو گی، عازمین کو 6گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت۔

لاہورسے پہلی حج پرواز20ستمبرکوروانہ ہو گی، عازمین کو 6گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت, فوٹو: اے پی پی

وزارت مذہبی امور نے اعلیٰ عدلیہ کے حکم پر رواں سال نئی حج کمپنیوں کی رجسٹریشن کیلیے موصول ہونیوالی 2200 سے زائد تمام کمپنیوں کوان لسٹ کر دیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ان لسٹ کی جانے والی ان کمپنیوں کی درخواستوں کی مکمل چھان بین حج کے بعد کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ان لسمنٹ کے بعد اب تک کل3000 سے زا ئد حج کمپنیاں وزارت میں رجسٹرڈ کر لی گئی ہیں۔ سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ کوٹہ کیلیے 600سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ نہ کی جائیں۔ اد ھرڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے بتایا ہے کہ لاہور سے پہلی حج پرواز20ستمبر کو روانہ ہو گی۔


اس سال یہاں سے 36ہزار عازمین حجاز مقدس روانہ ہونگے، حاجی اپنی ادویات سربمہر کروانے اور ٹکٹ وپاسپورٹ کے حصول کیلیے پرواز کی روانگی سے دو دن قبل حاجی کیمپ میں رپورٹ کریں، حج واجبات کی بینک رسید جس پر حاجی کی تصویر چسپاں ہو' وزارت حج کا اطلاع نامہ' قومی شناختی کارڈ بمع فوٹو کاپی اور بینک کیطرف سے تصدیق شدہ چار عدد تصاویر ضرور ہمراہ لائیں، عازمین وزارت حج کا اطلاع نامہ پی آئی اے یا سعودی ائیرلائن کے کائونٹر پر دکھا کر پاسپورٹ اور ٹکٹ حاصل کریں۔

حاجیوں کو اس موقع پر ایک شناختی کارڈ بھی جاری کیا جائیگا جس پر انکے تمام کوائف اور مکہ میں رہائش کا پتہ' مکتب نمبر وغیرہ درج ہونگے۔ عازمین پرواز کے مقررہ وقت سے چھے گھنٹے پہلے حاجی کیمپ پہنچ جائیں' فلائٹ روانگی سے اڑھائی گھنٹے قبل بکنگ بند کر دی جائیگی، ہر حاجی کو 30کلوگرام تک سامان لیجانے کی اجازت ہو گی، ادویات استعمال کرنیوالے حضرات مستند ڈاکٹر کے لیٹر پیڈ پر لکھا نسخہ ساتھ لائیں۔
Load Next Story