بیرون ملک ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام دو اسمگلر گرفتار

ایس آئی یو نے دو اسمگلروں کو گرفتار کرکے کیپسولز اور لیپ ٹاپ بیگزمیں چھپائی گئی ایک کلوہیروئن برآمد کرلی، ترجمان

ملزمان ہیروئن دبئی اور سری لنکا اسمگل کرنا چاہتے تھے (فوٹو: ایکسپریس)

سی آئی اے کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے لیپ ٹاپ بیگز اور کیپسولز میں بھرکر بیرون ملک ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر دو اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو کے ترجمان جنید احمد شیخ کے مطابق ملزم وقار حسین ولد افتخار حسین اور محمد فیصل ولد محمد رجب کو ایس ایم لا کالج کے قریب سے گرفتار کرکے ان سے کیپسولز اور لیپ ٹاپ بیگزمیں چھپائی گئی ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی گئی۔


ملزمان ہیروئن دبئی اور سری لنکا اسمگل کرنا چاہتے تھے۔ دونوں اسمگلرز ہیروئن بھرے کیپسول اپنے جسم کے اندر چھپاکر اور دبئی سے مخصوص امپورٹ کردہ لیپ ٹاپ بیگز میں خاص طریقے سے فکس کر کے دبئی اور سری لنکا اسمگل کرتے تھے۔

ہیروئن دبئی میں ابو خالداور گالے سری لنکا میں مچن نامی شخص کو فروخت کی جاتی تھی۔ گرفتار اسمگلرز 10 لاکھ کی ہیروئن خرید کر 25 لاکھ سے زیادہ میں ملک سے باہر فروخت کررہے تھے۔

ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ منشیات لیاری کے رہائشی یاسر نامی شخص سے خریدتے تھے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔
Load Next Story