گورننگ بورڈ چیئرمین نے قانونی رائے طلب کرلی

آئینی طور پر تشکیل کا اختیار مینجمنٹ کمیٹی کا ہی ہے، احمد شہزاد فاروق رانا


Saleem Khaliq June 21, 2023
اب تک حکومتی نامزد ارکان کا نوٹیفکیشن نہیں ملا،الیکشن میں 2 ہفتے لگ سکتے ہیں (فوٹو: پی سی بی)

گورننگ بورڈ کے معاملے پر قائم مقام چیئرمین پی سی بی نے قانونی رائے طلب کر لی۔

مینجمنٹ کمیٹی نے گذشتہ روز منعقدہ اجلاس میں گورننگ بورڈ کے 8 ارکان کا اعلان کر دیا، البتہ وزارت بین الصوبائی امور کا کہنا ہے کہ 19 اور20 جون کی درمیانی شب چونکہ کمیٹی کی مدت ختم ہو گئی اس لیے اسے فیصلوں کا کوئی اختیار نہیں تھا، کہا جا رہا ہے کہ گورننگ بورڈ کے اعلان شدہ ارکان کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

سابق کپتان عامر سہیل پہلے ہی اس حوالے سے آئی پی سی منسٹر اور الیکشن کمشنر کو قانونی نوٹس بھیج چکے تھے کہ کمیٹی کو کام کرنے سے روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے گورننگ بورڈ کیلئے دو ناموں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

نمائندہ ''ایکسپریس'' کے استفسار پر الیکشن کمشنر و پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین احمد شہزاد فاروق رانا نے کہا کہ انھوں نے لیگل ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لے کر بدھ کی صبح ان سے ملاقات کریں، اس کے بعد ہی آئندہ کا لائحہ عمل تیار ہوگا۔

اس سوال پر کہ گورننگ بورڈ کی تشکیل کس کا اختیار ہے؟انھوں نے کہا کہ آرٹیکل38 کی شق 6 کے تحت مینجمنٹ کمیٹی کو ہی ایسا کرنا تھا، انھوں نے بتایا کہ بی او جی کے 10 ارکان میں سے کوئی بھی چیئرمین کے لیے اپنا نام پیش کر سکتا ہے، ووٹنگ سے فیصلہ ہو گا، فی الحال حکومت کی جانب سے اعلان شدہ دونوں ارکان کے حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: عامر سہیل نے نجم سیٹھی کو کام سے روکنے کیلئے نوٹس بھجوا دیا

اس سوال پر کہ نئے چیئرمین کا انتخاب کب تک ممکن ہے احمد شہزاد فاروق رانا نے کہا کہ اس میں 2 ہفتے لگ سکتے ہیں کیونکہ عید کی چھٹیاں بھی آنے والی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں