پالیسی میں تبدیلی کے ساتھ انٹر سال اول کے داخلے 27 جون سے شروع ہونگے

بی، سی، ڈی اور ای گریڈ کے طلبہ صرف زون میں داخلے لے سکیں گے


Safdar Rizvi June 21, 2023
فوٹو : سوشل میڈیا

صوبائی محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے جانب سے انٹر سال اول کی داخلہ پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے اور 23 سال بعد کراچی کے سرکاری کالجوں میں داخلے میرٹ کے بجائے زونل بنیادوں پر دیے جائیں گے جو سال 2000 سے قبل کے نظام کے مطابق دیے جاتے تھے۔

نئی داخلہ پالیسی کے تحت انٹر سال اول کے داخلہ دو مختلف نظاموں کے تحت ہوں گے۔ پہلے نظام کے تحت اے ون اور اے گریڈ کے حامل طلبہ پورے شہر کے کسی بھی کالج میں داخلے کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے جبکہ دوسری پالیسی کے تحت ''بی، سی، ڈی اور ای'' گریڈ کے طلبہ صرف اپنے زون میں ہی داخلوں کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

کیپ پالیسی کے سیکریٹری راشد کھوسو نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ 25 منٹ کی ڈرائیو پر مشتمل زون تصور کیا جائے گا اور کراچی میں 12 زون بنائے گئے ہیں۔

ایک سوال پر انکا کہنا تھا کہ بی، سی، ڈی اور ای گریڈ کے طلبہ شہر کے بڑے اور معروف کالجوں میں داخلے نہیں لے سکیں گے چاہے وہ ان کے زون میں ہی آتا ہو کیونکہ اس سے میرٹ ختم ہوجائے گا۔ نئی پالیسی کے تحت داخلے 27 جون سے آن لائن شروع ہوں گے اور 20 جولائی تک آن لائن فارم جمع ہوں گے تاہم اس مدت میں یکم اگست تک توسیع ہوسکے گی۔

سیکریٹری کالج ایجوکیشن کے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 25 جولائی تک تمام فیکلٹیز کی داخلہ فہرستیں جاری کر دی جائیں گی اور 5 اگست سے کلاسز شروع ہوجائیں گی۔ اے ون اور اے گریڈ کے حامل طلبہ پورے شہر کے کسی بھی کالج میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں تاہم بی، سی اور ڈی گریڈ کے حامل طلبہ صرف اپنے زون میں ہی داخلے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ داخلوں کے لیے ڈومیسائل اور پی آر سی کی شرط لازمی ہوگی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق مختلف کالجوں میں کلیم سینٹر بنائے جائیں گے اور یہ تمام داخلے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں