پنجاب آرٹس کونسل کے ملازمین کو خلاف ضابطہ مستقل کرنے اور ترقی دینے کا انکشاف

6 افسران سمیت 32 ملازمین کو کنٹریکٹ مکمل ہونے کی تاریخ کے بجائےبھرتی ہونے کی تاریخ سےخلاف ضابطہ مستقل کیا گیا

خلاف ضابطہ ریگولر ہونے کے چند ہی روز بعد 6 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی بھی دے دی گئی(فوٹو: فائل )

پنجاب کونسل آف آرٹس کے 6 افسران سمیت 32ملازمین کو غیر قانونی طور پرمستقل کرنے اور ترقی دینے کا اسکینڈل منظر عام پر آگیا۔

ملازمین کو کنٹریکٹ کا دورانیہ مکمل ہونے کی تاریخ کے بجائےبھرتی ہونے کی تاریخ سے ریگولیشن قانون کے برخلاف مستقل کیا گیا اور ریگولر ہونے کے چند ہی روز بعد پنجاب کونسل آف آرٹس کے 6 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی بھی دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کونسل آف آرٹس کے ڈائریکٹر اکاؤنٹس اینڈ فنانس مقبول احمد رانا خلاف ضابطہ ریگولر ہوکر ترقی پانے والے افسروں میں شامل ہیں۔ ڈائریکٹر آپریشنزمغیث بن عزیز،ڈویژنل ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ریاض حسین بھی خلاف قانون ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔


ذرائع کے مطابق ڈویژنل ڈائریکٹر گوجرانوالہ آرٹس کونسل غلام عباس اور ڈویژنل ڈائریکٹر بہاولپور آرٹس کونسل سجاد حسین کو بھی خلافِ ضابطہ ترقی دی گئی، ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل محمد سلیم بھی خلافِ قانون ترقی پانے والے افسروں میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ریگولرائزیشن پالیسی کے تحت ملازمین کو کنٹریکٹ کے خاتمے کے دن سے ریگولر کیا جاتا ہے جبکہ پنجاب کونسل آف آرٹس کے6 افسران اور 26 ملازمین کو کنٹریکٹ ختم ہونے کی تاریخ کی بجائے بھرتی ہونے کی تاریخ سے ریگولر کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری کی ہدایت پر سیکریٹری انفارمیشن نے انکوائری مکمل کرکے رپورٹ چیف سیکریٹری کو بھجوادی ہے۔
Load Next Story