پیپلزپارٹی کے مطالبے پر سیلاب متاثرین کیلیے بجٹ میں مزید 12 ارب روپے کی منظوری

سیلاب متاثرین کا قومی خزانے پر حق ہے اور مستحقین کی مدد حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیر خزانہ


ویب ڈیسک June 22, 2023
فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے پیپلزپارٹی کی بجٹ منظوری کے لیے عائد کی گئی شرط کو منظور کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لیے مزید 12 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سیلاب متاثرین کا قومی خزانے پر حق ہے اور مستحقین کی مدد حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کے لیے 16.3 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سندھ کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 50 ارب روپے کے فنڈز کی ضرورت ہے جس میں سے 25 ارب کے فنڈز وفاق دے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور اب اسے ڈھائی سو سے 450 ارب تک بڑھانے جارہے ہیں، اچھے کام کی نیت ہو تو قدرت بھی مدد کرتی ہے، مستحق خواتین کی مالی امداد ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے 80 ارب روپے تقسیم کیے گئے، سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، 100 ارب روپے کا فنڈ سیلاب ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے چاہیے تھا، این ڈی ایم اے اپنے اسٹاک سے استعمال کیے۔ این ڈی ایم اے کے لیے پچھلے دو ہفتوں میں 12 ارب گرانٹ کی ای سی سی نے منظوری دی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد ایک باڈی بنائی گئی تھی، جس نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے 30 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، یہ طے پایا ہے کہ 16.3 عرب سے متعلق اگلے چار سال کے لیے ماسٹر پلان بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ کے بعد 15 جولائی تک ایک ماسٹر پلان بنایا جائے گا، 16.3 ارب ڈالر میں سے آدھی پلیجز ہونگی اور آدھا ہم نے خود انتظام کرنا ہے، جو آٹھ ارب ڈالر ہم نے ارینج کرنا ہے اس میں سے آدھا وفاق کرے گا اور آدھا صوبے کریں گے۔

اسحاق ڈار نے کاہ کہ سندھ. حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئےفلڈ ایمرجنسی ہاؤسنگ منصوبہ 727 ملین ڈالر کی لاگت سے شروع کیا ہے، منصوبے کیلئےآئندہ مالی سال کیلئے 50 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس میں سے 25 ارب کا حصہ وفاق ادا کرے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ کے فور منصوبہ 40 ارب روپے کا منصوبہ ہے، رواں سال کے بجٹ میں اس منصوبے کے لیے 6 ارب روپے رکھے گئے ہیں جس میں سے 3 ارب وفاقی حکومت دے گی جبکہ تین ایسے پروجیکٹس ہیں جو فوری توجہ مانگ رہے ہیں، پہلا پروجیکٹ فلائٹ ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ ہے، سندھ حکومت نے یہ پروجیکٹ شروع کیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بجٹ سے پہلے فائنل کی اپڈیٹ کاپی بھی مہیا کر دی جائیں گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں