گرمی کی شدت میں اضافہ شمالی علاقوں میں گلیشئر پگھلنے کا الرٹ جاری

وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کی گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کی حکومت کو احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت

فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے شمالی علاقوں میں گرمی بڑھنے سے گلیشیئروں کے پگھلنے اور اس کے نتیجے میں سیلاب آنے کا الرٹ جاری کیا ہے اور گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا حکومت کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 4-6 ڈگری زیادہ رہنے کی وجہ سے سیلاب اور گلیشیئل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF) کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔


الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس خطرے کے پیش نظر گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کی ضلعی انتظامیہ، مقامی ادارے اور لوگوں کو چوکس رہنے اور پیشگی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آنے والے ہفتے کے دوران عید الاضحیٰ کے موقع پر جب چھٹیوں کی وجہ سے شمالی علاقوں میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا تو اس وقت ضلعی انتظامیہ، مقامی ادارے اور کمیونٹیز کو خاص طور پر احتیاطی اقدامات کرنے اور مستعد رہنے کی ضرورت ہوگی۔

یاد رہے کہ پچھلے سال بھی گلیشیئروں کے پگھلنے اور اس کے نتیجے میں جھیلوں کے پانی کے سیلابی صورت میں بہہ نکلنے کے 30 سے زیادہ واقعات میں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے تھے۔
Load Next Story