عید سے قبل چیئرمین کا انتخاب راہ میں کانٹے بھی موجود

ذکا اشرف فیورٹ ، قانونی جنگ میں الجھا کر الیکشن کو تاخیر کا شکار کرنے کا پلان سامنے آگیا


Saleem Khaliq June 23, 2023
نجم سیٹھی کی زیر سربراہی تشکیل شدہ بورڈ آف گورنرز کو کالعدم قرار دے دیا گیا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

پی سی بی کے نئے چیئرمین کا انتخاب عید سے قبل 27 جون کو کرانے کا اعلان ہوگیاگو کہ ذکا اشرف فیورٹ ہیں البتہ ان کی راہ میں کانٹے بھی موجود ہوں گے۔

نجم سیٹھی کی زیر سربراہی تشکیل شدہ پی سی بی بورڈ آف گورنرز کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے، الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا نے نئی باڈی کا اعلان کردیا، وزرات برائے بین الصوبائی رابطہ امور کی جانب سے 20 جون کو نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے واضح کیا گیا تھا کہ 2ماہ توسیع کی مدت پوری ہوگئی۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی تحلیل کرتے ہوئے اسے کام سے روک دیا گیا ہے، مگر اسی روز کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے قذافی اسٹیڈیم میں اجلاس بلاکر بورڈ آف گورنرز کا اعلان کردیا،اب ان کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قائم مقام چیئرمین کے طور پر کام کرنے والے الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا نے نوٹیفکیشن، پی سی بی آئین 2014 پیرا 10 کے مطابق جو بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا اس میں وزیر اعظم اور پیٹرن کے نامزد 2ارکان ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے، 4ریجنز نیشنل بینک، اسٹیٹ بینک، سوئی ناردرن گیس، سوئی سدرن گیس، 4ریجنز لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی، بہاولپور اور حیدرآباد کو نمائندگی دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کے الیکشن سے دستبردار

چیئرمین پی سی بی کا انتخاب 27جون کو پی سی بی ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ہوگا، انتخابی شیڈول محکموں/سروسز آرگنائزیشنز سے نامزدگیاں وصول ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔ شہزاد راناکا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کا انتخاب منصفانہ اور شفاف طریقے سے کیا جائے گا، مناسب طریقہ کار کو اپناتے اور تمام قانونی ضابطوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

یاد رہے کہ 20 جون کو نجم سیٹھی کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی نے جس بورڈ آف گورنرز کا اعلان کیا، اس میں لاہور، کراچی، راولپنڈی اور پشاور ریجنز کے ساتھ واپڈا، خان ریسرچ لیبارٹریز، سوئی ناردرن گیس اور سوئی سدرن گیس کے ڈپارٹمنٹس کو شامل کیا گیا تھا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں